1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری کی بہن فریال تالپور بھی گرفتار

14 جون 2019

پاکستان میں انسداد بدعنوانی کے ادارے نیب نے لاکھوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کرنے کے الزام میں سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ قبل ازیں ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔

Pakistan Islamabad Faryal Talpur verlässt Gericht
تصویر: Getty Images/AFP/F. Naeem

قومی احتساب بیورو یا نیب کی طرف سے جمعہ چودہ جون کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون سیاستدان فریال تالپور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انہیں اسلام آباد میں واقع زرداری ہاؤس میں رکھا جائے گا۔ چیئرمین نیب نے اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے زرداری ہاؤس کو ہی سب جیل قرار دے دیا ہے۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے، جب چند روز پہلے ہی پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی جعلی بینک اکاؤنٹس کے ایک مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس گرفتاری کی شدید مذمت کی تھی۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ موجودہ حکومت اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔

تصویر: Getty Images/AFP/F. Naeem

فریال تالپور کی گرفتاری کے بعد آصف علی زرداری کے بیٹے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں وزیر اعظم عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہنا تھا، ''ہم نے مشرف کا مقابلہ کیا، ضیاالحق کا مقابلہ کیا، یہ کٹھ پتلی حکومت تو کوئی چیز ہی نہیں ہے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ فریال تالپور ایک بہادر عورت ہیں اور خواتین کے خلاف مقدمات بزدل لوگ بناتے ہیں۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان 'انتقامی کارروائیوں‘ کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری عمل کو رکنے نہیں دے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا، ''دعا کریں کہ آپ کے بعد پیپلز پارٹی کی حکومت اقتدار میں آئے، ہم انتقام نہیں لیں گے۔‘‘

چند روز پہلے وزیر اعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ملک کو لوٹنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں گے اور اس حوالے سے کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ا ا / م م (اے ایف پی، اے اپی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں