من موہن سنگھ کا قوم کے نام خطاب: اہم نکات
27 نومبر 2008بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے جمعرات کے روز ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث گروہ کے مراکز ملک سے باہر ہیں اور اس کا مقصد ملک کے معاشی مرکز کو تباہ کرنا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ ہمسایہ ممالک اپنی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال نہ ہونے دیں اور اگر اس ضمن میں مناسب اقدامات نہ کئے گئے تو ہمسایہ ممالک کو اس کی قیمت چکانا ہو گی۔
وزیراعظم من موہن سنگھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ من موہن سنگھ نے دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے تا کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔ بھارتی وزیراعظم نےکہا کہ عوام پر امن رہیں تا کہ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہوں۔