جرمن شہر میونخ میں بیئر نوشی کا سالانہ فیسٹیول شروع ہو گیا ہے۔ یہ میلہ سولہ دن جاری رہے گا۔ اس فیسٹیول میں لاکھوں افراد شریک ہو کر بیئر کے علاوہ دوسری تفریحات سے دل لبھاتے ہیں۔
اشتہار
جرمنی کی وفاقی ریاست باویریا کے دارالحکومت میونخ کے میئر ڈیٹر رائٹر نے ہفتہ اکیس ستمبر کو اکتوبر فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں میونخ شہر کے میئر نے بیئر کے ایک بیرل کو ایک بڑی ہتھوڑی کی ضرب سے کھولا۔ ہتھوڑی کی ضرب لگتے اس خصوصی تقریب کے لیے جمع سینکڑوں شرکاء نے تالیاں بجانا شروع کر دیں اور کچھ من چلوں نے سیٹیاں بجانے سے بھی گریز نہیں کیا۔
مقامی طور پر اکتوبر فیسٹ کو 'ویزن‘ کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ میئر ڈیٹر رائٹر نے تمام شرکاء کے لیے نیک تمناؤں کے ساتھ ساتھ اس خواہش کا اظہار کیا کہ کہ وہ 'ویزن‘ کے ایام کے دوران خوش و خرم اور محفوظ رہیں۔ انہوں نے افتتاحی تقریب کے بعد میلے کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ میلے کے تمام ایام کے دوران پولیس نگرانی کے گشت میں مصروف رہے گی۔
ایک سو چھیاسی واں ایڈیشن
ہفتے سے شروع ہونے والا اکتوبر فیسٹیول اس میلے کا ایک سو چھیاسی واں ایڈیشن ہے۔ افتتاحی روز خوشگوار موسم کو اچھا شگون قرار دیا گیا ہے۔ اس بیئر فیسٹیول میں مختلف اقسام کی بیئر شوقین حضرات کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔ مختلف بیئر بنانے والی کمپنیوں کے خصوصی خیمے نصب ہیں۔ ان میں حسین لڑکیاں خوش رنگ لباسوں میں ملبوس ہو کر شرکاء کو بیئر پیش کرنے میں مصروف ہیں۔
اوکٹوبر فیسٹ
اکتوبر فیسٹیول کو مقامی سطح پر ''اوکٹوبر فیسٹ‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس میلے کے انعقاد پر جنوبی جرمن شہر میونخ اور اس کے قرب و جوار کے قصبوں اور شہروں کے تمام ہوٹل بُک ہو چکے ہیں، سڑکوں پر ٹریفک زیادہ ہو گئی ہے اور میلے کی سمت جانے والی بسیں اور میٹرو مسافروں سے بھری ہوئی ہیں۔
انتظامیہ کو امید ہے کہ اگلے سولہ دن تک اس میلے میں تقریباً چھ ملین یا ساٹھ لاکھ سے زائد افراد شریک ہو کر اس میلے کی رونق کو دوبالا کریں گے۔
اوکٹوبر فیسٹ کو دنیا بھر میں بیئر کا سب سے بڑا فیسٹیول قرار دیا جاتا ہے۔ شریک ہونے والے لاکھوں حضرات جرمنی کے علاوہ یورپی براعظم کے ساتھ ساتھ کئی دوسرے ممالک سے بھی پہنچتے ہیں۔ اس میلے کے لیے کئی مشہور ماڈل اور سوشلائٹس خواتین بھی ہر سال خاص طور پر مدعو کی جاتی ہیں۔
اکتوبر فیسٹیول کی شروعات
اکتوبر فیسٹیول سن 1810 میں بارہ اکتوبر کو میونخ میں منعقد کرنے کا فیصلہ ایک شاہی شادی کے موقع پر کیا گیا تھا۔ پانچ روزہ پرمسرت تقریب منانے کی وجہ اس وقت کے ولی عہد لڈوگ کا شہزادی تھیریزے فان زاکسن ہلڈبرگاؤزن سے شادی تھی۔ ولی عہد بعد میں بادشاہ لڈوگ ( اول) کے نام سے مشہور ہوئے۔ پھر کئی برسوں تک ہر سال اس موقع پر لوگ اکھٹے ہوتے اور موج مستی کرتے۔
ع ح ⁄ اا (ڈی پی اے، اے پی)
اکتوبر فیسٹول: کیا کریں اور کیا نہ کریں
بائیس اکتوبر عالمی شہرت کے حامل اکتوبر فیسٹیول کے باضابطہ افتتاح کا دن ہے۔ سترہ ایام تک جاری رہنے والے اس خاص میلے میں شریک ہونے کے لیے ساٹھ لاکھ افراد مختلف ملکوں سے آتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/imageBROKER/M. Siepmann
رقص: ضرور کریں
اکتوبر فیسٹول میں خیموں کے اندر بیئر دستیاب ہے۔ ان خیموں کے اندر بیئر کے ساتھ ساتھ ڈانس میوزک کسی بھی شخص کو ناچنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ لوگ اپنے اپنے بینچوں پر جھومتے اور ہاتھ لہراتے ہیں۔ اس لیے اپنے بینچ پر جھومیے اور لطف لیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/F. Hörhager
خیمے کے اندر کھانا ممنوع ہے
بیئر پینے والے خیمے میں اپنی بیئر سے لطف لیں لیکن خوارک لانا ممنوع ہے۔ اندر بیٹھ کر کھانا کھانے پر آپ کو خیمے سے باہر بھی نکالا جا سکتا ہے۔ خیمے کے باہر بھی بینچ رکھے ہوئے ہیں، وہاں بیٹھ کر اپنے سنیک کا لطف لینا جائز ہے۔
تصویر: picture-alliance/imageBROKER/P. Pavot
چکن: ضرور کھائیے، لذیذ ہے
اکتوبر فیسٹول میں بیئر پینے کے علاوہ بھنا ہوا روغنی چکن بھی بہت لذیذ ہوتا ہے۔ بیئر کا مَگ اٹھانے سے قبل ہاتھوں سے چکنائی صرف کر لیں ورنہ وہ پھسل جائے گا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/K.-J. Hildenbrand
جھولوں کی لذت: یہ بھی فن ہے
اکتوبر فیسٹیول میں بے شمار جھولے ہیں۔ ان میں تیز رفتاری سے چلنے والے جھولے یا رولر کوسٹر اور بلندی سے نیچے گرنے والا اسکائی فال خاص طور پر نمایاں ہیں۔ ان میں بیٹھنا بھی میلے کا ایک حصہ خیال کیا جاتا ہے۔ ضروری یہ ہے کہ پہلے جھولے پھر چکن اور بیئر ورنہ دوسری صورت میں معدے سے ہر چیز قے کی صورت میں باہر آ سکتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/imageBROKER/B. Strenske
فلرٹ کریں لیکن۔۔۔
باویریا کے قدیمی اکتوبر فیسٹول کا پہناوا مخصوص انداز کا ہے۔ اس کے پہننے سے سبھی کو احساس ہو گا کہ یہ شخص میلے کے آداب سے شناسا ہے۔ اگر کسی لڑکی نے ’بَو‘ دائیں جانب لگا رکھی ہے تو اُس کا مطلب ہے کہ وہ بوائے فرینڈ رکھتی ہے۔ لڑکی نے ’بَو‘ بائیں جانب لگائی ہو تو آپ فلرٹ کرنے کے لیے قسمت آزما سکتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/imageBROKER/M. Siepmann
بیئر۔ پینا ضروری ہے
اکتوبر فیسٹول کی سب سے بڑی سرگرمی بیئر پینا تصور کی جاتی ہے۔ اس میلے میں بیئر مگ میں پیش کی جاتی ہے۔ اس مگ میں ایک لٹر بیئر ہوتی ہے۔ مگ کو ہینڈل سے پکڑیں وگرنہ یہ گر سکتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/T. Hase
بیئر زیادہ پینے سے گریز کریں
اکتوبر فیسٹول کے دوران اتنی بیئر پینا مناسب ہے کہ آپ ہلکے نشے کا لطف لیں۔ زیادہ بیئر سے زیادہ نشہ نامناسب ہو سکتا ہے۔ پوری طرح مدہوش ہو کر آپ کسی اور پر گر سکتے ہیں اور بسا اوقات قے بھی شروع ہو جاتی ہے۔
تصویر: picture alliance/dpa/R. Peters
کھلے عام پیشاب، انتہائی نامناسب ہے
بیئر پینے کے بعد پیشاب کی حاجت عموماً ہوتی ہے۔ طہارت خانوں کے سامنے لمبی قطار میں کھڑے ہونے کو برداشت کریں، بجائے اس کہ کھلے عام کسی کونے یا جھاڑی کے پیچھے اپنے آپ کو راحت دیں۔ ایسی صورت میں پکڑے جانے پر ایک سو یورو جرمانہ ہے۔
تصویر: picture-alliance/imageBROKER/R. Kutter
مگ کی چوری، قطعاً نہیں
اکتوبر فیسٹیول کے دوران ہر سال ہزاروں مگ غائب ہو جاتے ہیں۔ میلے میں شریک کئی افراد بیئر مگ کو میلے کا ایک نشان سمجھ کر چھپانے سے بھی گریز نہیں کرتے اور یہ بالکل اچھی بات نہیں۔ ایک بیئر مگ کو چھپانا چوری ہے۔ اس کو خریدا بھی جا سکتا ہے۔ مگ خریدنا ایک بہتر عمل ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Balk
بینچ پر خالی جگہ ہو تو کسی کو بیٹھنے سے مت روکیں
اکتوبر فیسٹیول کا ایک اور آداب یہ ہے کہ بیئر فروخت کرنے والے خیمے کے اندر رکھے بینچ پر جگہ کسی اور کے لیے مت محفوظ کریں۔ جو بھی آئے، اُسے بیٹھنے دیں اور اس عمل کو پسند کیا جاتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/imageBROKER/M. Siepmann
نیم عریاں لڑکی کی تصویر مت بنائیں
اکتوبر فیسٹول میں خواتین کے پہناوے عموماً قدرے پست گریبان کے حامل ہوتے ہیں۔ پارٹی کے دوران رضامندی سے فوٹو بنانا جائز ہے۔ اچانک کسی پست گریبان کی حامل لڑکی کی تصویر بنانے کو انتہائی ناپسند کیا جاتا ہے۔ جو کچھ خیمے میں آپ دیکھ رہیں ہیں، اُس کا لطف لیں۔