1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مودی حکومت کا ایک برس مکمل

عاطف بلوچ26 مئی 2015

قوم پرست بھارتی رہنما نریندر مودی نے گزشتہ برس 26 مئی کو بطور وزیر اعظم حلف اٹھایا تھا۔ آج انہیں اس منصب پر فائز ہوئے ایک برس بیت گیا ہے۔ کیا وہ عوامی توقعات پر پورا اتر رہے ہیں؟ مودی کہتے ہیں، جی بالکل۔

تصویر: Reuters/M. Blinch

وزارت عظمیٰ پر فائز ہونے کے چار ماہ بعد ہی مودی نے بھارت کو صاف بنانے کی ایک مہم شروع کر دی تھی۔ اس وقت انہوں نے نئی دہلی کی ایک سڑک پر جھاڑو لگاتے ہوئے یہ پیغام دیا تھا کہ بھارت کو صاف ستھرا بنانے کے لیے تمام شہریوں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا پڑے گی۔ ملکی وزیر اعظم کے ہاتھوں میں جھاڑو دیکھ کر بھارتی عوم حیران رہ گئے تھے۔ اس وقت معلوم ہوتا تھا کہ شائد مودی کی بھارتی جنتا پارٹی اپنے دور اقتدار میں ایک انقلاب برپا کر دے گی۔

تاہم وہ پہلا اور آخری موقع تھا کہ عوام نے مودی کو جھاڑو ہاتھ میں پکڑے دیکھا تھا۔ لیکن اب جب انہیں اقتدار میں آئے ایک برس کا عرصہ مکمل ہو گیا ہے، بھارت ویسا ہی گندا اور آلودہ ہے، جیسا کہ ہمیشہ سے تھا۔ بھارت اب بھی ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے چند آلودہ ترین ممالک میں شمار کیا جاتا ہے جبکہ دریاؤں میں استعمال شدہ پانی اور فضلہ بہائے جانے سے بدبُو ہواؤں میں شامل ہو رہی ہے۔ اس 1.2 بلین آبادی والے ملک کی نصف آبادی کو اب تک ٹوائلٹ کی سہولت میسر نہیں ہو سکی اور وہ اب بھی رفع حاجت کے لیے کھلے مقامات کا رخ کرتی ہے۔

مودی نے اقتدار سنبھالتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بھارت کو نہ صرف صاف ستھرا بنا دیں گے بلکہ اسے ترقی کی راہوں پر گامزن کرتے ہوئے عام شہریوں کو تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کر دیں گے۔ لیکن موجودہ صورتحال دیکھتے ہوئے شکوک جنم لے رہے ہیں کہ وہ اپنی مدت اقتدار میں تمام تر وعدوں کو کس طرح پورا کریں گے۔

مودی کے دور اقتدار کا ایک برس مکمل ہونے پر کرائے گئے مختلف سروے رپورٹوں کے مطابق عوام کی ایک بڑی تعداد ان سے خوش ہے۔ منٹ نیوز پیپر کے ایک سروے کے نتائج کے مطابق 74 فیصد عوام نے مودی کی ایک سالہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ تاہم گزشتہ اگست میں کرائے گئے ایک سروے کے مطابق ان کی مقبولیت میں سات فیصد کی کمی واقع ضرور ہوئی ہے۔

یہ پہلا اور آخری موقع تھا کہ عوام نے مودی کو جھاڑو ہاتھ میں پکڑے دیکھاتصویر: UNI

یہ امر اہم کہ بھارتی تاریخ میں مختلف حکومتوں نے تبدیلی کے بہت سے بلند و بانگ وعدے اور دعوے کیے لیکن وہ وفا نہ ہو سکے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے سے قبل کانگریس کی حکومت نے بھی کہا تھا کہ وہ نکاسی آب کی صورت حال کو بہتر بنائی گی، دریاؤں کی صفائی کا کام کیا جائے گا، متبادل توانائی کے منصوبے شروع کیے جائیں گے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پا لیا جائے گا۔ لیکن کانگریس حکومت اپنے دور اقتدار میں ان وعدوں میں سے کسی ایک کو بھی پورا نہ کر سکی تھی۔

مودی کی حکومت نے البتہ سرمایہ کاروں کا اعتماد جیتنے میں واضح کامیابی حاصل کی ہے۔ صنعتی ترقی اور غیر ملکی سرمایا کاری کی بدولت بھارت کی مالیاتی صورتحال میں بہتری کی قوی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ مبصرین کے مطابق بھارت تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ممکن ہے کہ رواں برس شرح نمو کے اعتبار سے چین سے آگے رہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں