مودی سے مل کر امن و خوشحالی کے لیے کام کریں گے، عمران خان
23 مئی 2019
پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے نریندر مودی کو الیکشن جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔ بھارت میں پارلیمانی انتخابات میں مودی کی سیاسی جماعت بی جے پی کو ایک مرتبہ پھر بھاری کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
اشتہار
عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔ اپنے ٹوئیٹ میں عمران خان نے بی جے پی اور اُس کے اتحادیوں کی جیت پر مبارک دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ مودی کے ساتھ جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کے حوالے سے پرامید ہیں۔
پاکستانی وزیراعظم کی طرف سے مبارک باد کا یہ پیغام ایسے وقت میں آیا ہے جب جمعرات تیئیس مئی کو ہی پاکستان نے شاہین دوئم کہلانے والے اپنے ایک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ میزائل زمین سے زمین پر مار کرتے ہوئے ڈیڑھ ہزار میل کے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ میزائل کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ میزائل پاکستان کی اسٹریٹیجک ضروریات کو پورا کرتے ہوئے خطے میں استحکام کو یقینی بنانے میں بھی مدد دے گا۔
بیلسٹک میزائل کے تجربے اور عمران خان کے پیغام سے قبل پاکستان کی جانب سے آج جمعرات کو ہی یہ اشارہ بھی سامنے آیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ یہ بات ایسے وقت پر کہی گئی جب بھارتی پارلیمانی الیکشن میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت کی دوبارہ کامیابی یقینی ہو چکی ہے۔
اسی دوران بدھ بائیس مئی کو پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے ساتھ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی سطح کے اجلاس کے حاشیے میں مختصر سی ملاقات کی تھی۔ دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات وسطی ایشیائی ریاست کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوئی۔
اس ملاقات کے بعد بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کبھی تلخی سے بات نہیں کی ہے بلکہ ہمیشہ اس کی کوشش کی ہے کہ اچھے ہمسایوں کی طرح رہا جائے۔ انہوں نے تمام حل طلب معاملات کو باہمی بات چیت کے ساتھ حل کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ بشکیک میں ہونے والی ملاقات میں بھارتی وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو سویٹس کا تحفہ بھی دیا۔
نئی دہلی: بھارتی انتخابات شوبز شخصیات سیاسی میدان میں بھی
بھارتی لوک سبھا کی 542 نشستوں کے لیے ہونے والے انتخابات میں بھارتی سیاسی شخصیات کے علاوہ شوبز، اسپورٹس اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے بھی قسمت آزمائی کی ہے۔
تصویر: IANS
اداکارہ کرن کھیر
اداکارہ کرن کھیر بھی بی جے پی کی امیدوار ہیں۔ انہوں نے چھتیس گڑھ کے حلقے سے الیکشن لڑا۔ انہیں چندی گڑھ کی نشست پر اپنے مخالفین پر برتری حاصل ہے۔کرن کھیر کا مقابلہ منجھے ہوئے سیاستدانوں سے تھا۔
تصویر: Getty Images/AFP
اداکار شتروگن سنہا
شتروگن سنہا ریاست بہار کے حلقے پٹنا صاحب سے کانگریس کی سیٹ پر انتخابی میدان میں اترے تھے۔شتروگن سنہا کا مقابلہ منجھے ہوئے سیاستدانوں سے تھا جنہوں نے سنہا کو پچھاڑ دیا۔
تصویر: AP
اداکارہ ہیما مالینی
ماضی کی مقبول اداکارہ ڈریم گرل ہیما مالنی 2014 ء میں بھی لوک سبھا کی رکن منتخب ہوئی تھیں اور اس بار بھی انہوں نے میدان مار لیا۔ہیما مالنی ریاست اتر پردیش کے حلقے ماتھرا سے بی جے پی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی تھیں۔
تصویر: UNI
اداکار راج ببر
ماضی کے مقبول اداکار راج ببر اس بار بھی لوک سبھا کے انتخابات میں کھڑے ہوئے تھے، وہ اس بار ریاست اتر پردیش کے حلقے فتح پور سیکری سے کانگریس کی ٹکٹ پر میدان میں اترے۔راج ببر کا مقابلہ بی جے پی سمیت دیگر حریفوں سے تھا مگر انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
تصویر: picture-alliance/Pacific Press/K. Verma
اداکارہ ارمیلا مٹونڈ
اداکارہ ’ ارمیلا مٹونڈکر‘ نے انڈین نیشنل کانگریس کے پلیٹ فارم سے شمالی ممبئی سے انتخاب میں حصہ لیا اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق شکست سے دوچار ہوئی ہیں۔
تصویر: Reuters/F. Mascarenhas
سمریتی ایرانی
سابق بھارتی ٹی وی اداکارہ اور سیاسی رہنما سمریتی ایرانی نے ایک مرتبہ پھر بی جے پی کے ٹکٹ پر ضلع امیتھی سے انتخابات میں حصہ لیا اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق انہیں مخالف امیدوار پر برتری حاصل ہے
تصویر: Imago Images/Hindustan Times
اداکار سنی دیول
ان کے علاوہ اداکار سنی دیول انتخابی نتیجے میں مخالف امیدواروں سے آگے ہیں جن کا حتمی نتیجہ آنا ابھی باقی ہے۔