1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موسیقی اور طب کا گہرا تعلق

کشور مصطفیٰ23 ستمبر 2013

یورپ ہو یا امریکا، ہر جگہ معالج موسیقی کو بہت سی نفسیاتی اور ذہنی بیماریوں کے علاج کے لیے بروئے کار لاتے ہیں۔

World Doctors Orchestra
تصویر: DW/P. Schröder

اس کی ایک اہم مثال ’ ورلڈ ڈاکٹرز آرکیسٹرا‘ یا عالمی ڈاکٹروں کا آرکیسٹرا ہے۔ سن 2007 ء میں برلن کے مشہور زمانہ یونیورسٹی میڈیکل سینٹر شاریٹی کے پروفیسر اشٹیفن ویلِش نے بطور ایک غیر مناقع بخش تنظیم اس آرکیسٹرا کی بنیاد رکھی تھی۔ اس کا مقصد موسیقی کو عالمی طبی ذمہ داریوں کے ساتھ مربوط بنانا ہے۔ یہ تنظیم سال میں دو بار دنیا کے مختلف شہروں میں کنسرٹس کا اہتمام کرتی ہے جہاں جمع ہونے والے عطیات سے دنیا کے مختلف طبی امدادی اداروں کی مدد کی جاتی ہے۔

اس بار جرمنی کے سابق دارالحکومت بون کے سالانہ بیتھوفن فیسٹیول میں پہلی بار ’ ورلڈ ڈاکٹرز آرکیسٹرا‘ نے دنیا کے 40 ممالک کے قریب 100 ڈاکٹروں پر مشتمل طائفے کے ساتھ حصہ لیا۔

پروفیسر اشٹیفن ویلِشتصویر: picture-alliance/ZB

دنیا بھر کے موسیقی سے شغف رکھنے والے اور موسیقار ڈاکٹروں کے لیے موسیقی کوئی فنکارانہ مقصد نہیں بلکہ چند اہم مقاصد کے حصول کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اسے ثابت کرتے ہوئے جرمن طبی ماہر اور اس پروجیکٹ کی روح رواں پروفیسر اشٹیفن ویلِش نے کہا،" بون کنسرٹ سے ہم ایک طرف تو ’ ڈِنٹسٹ فار افریقہ‘ نامی ادارے کی مدد کریں گے، جس کی بنیاد جرمنی کے دندان سازوں نے رکھی ہے، اور ہم تعلیم کا بندوبست بھی کریں اور دوسرے پروگرام کے تحت ہم بون شہر کے یونیورسٹی ہسپتال کے خاص طور پر بچوں کے امراض کے شعبے کی مدد کریں گے۔ یہ خصوصاً سلعیات یا بچوں میں پائی جانے والی رسولیوں کے علاج معالجے سے متعلق پروجیکٹ ہے۔"

پروفیسر اشٹیفن ویلِش نے اسکول کی تعلیم مکمل کرتے ہی موسیقی کی تعلیم حاصل کرنا شروع کر دی تھی۔ انہوں نے پہلے وائلن بجانا سیکھا، اُس کے بعد پیانو اور میوزک کنڈکٹر کی تربیت حاصل کی۔ بعد ازاں طب کے شعبے نے انہیں اپنی طرف کھینچ لیا۔ تاہم ڈاکٹر بننے کےبعد بھی وہ ہمیشہ اپنے فارغ اوقات میں موسیقی سے منسلک رہے۔ موسیقی صحت کے لیے کتنی ضروری ہے، اس بارے میں وہ کہتے ہیں،’’موسیقی اور طب دونوں ہی بہت زیادہ منظم شعبے ہیں۔ موسیقی میں آپ کے پاس سازوں کا ترکیبی مجموعہ ہے اور طب کی بنیاد نیچرل سائنس ہے یعنی وہ علوم جو معروضی طور پر قابل پیمائش مظاہرے سےتعلق رکھتے ہیں۔ تاہم اس میں آپ کو جذبات، موضوعیت اور لگن شامل کرنا پڑتا ہے۔‘‘

جرمنی میں بچوں میں پائی جانے والی موذی بیماریوں کے بارے میں بہت زیادہ ریسرچ ہو رہی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

موسیقی کو روح کی غذا کہا جاتا ہے۔ بہت سے معاشروں میں ذہنی اور اعصابی بیماریوں کے شکار افراد کا علاج موسیقی کی مدد سے کیا جاتا ہے۔ موسیقی کو صدیوں سے ایک شفاء بخش قوت تصور کیا جاتا ہے۔ قدیم یونانی دور میں اپالو موسیقی اور طب کا خدا مانا جاتا تھا۔ اس کا بیٹا اسقلبیوس گانوں اور موسیقی کی مدد سے ذہنی امراض کا علاج کیا کرتا تھا۔ موسیقی تھراپی مصر کے مندروں میں بھی استعمال کی جاتی تھی۔ ارسطو اور افلاطون نے بھی موسیقی کو روح اور جذبات کے لیے نہایت ضروری قرار دیا تھا۔ تیرھویں صدی میں، عرب ہسپتالوں میں مریضوں کے فائدے کے لئے موسیقی کا بندوبست کمروں میں ہوتا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں