موصل پر بڑے حملے سے قبل فرانسیسی جنگی طیارے عراقی فضاؤں میں
30 ستمبر 2016داعش کے خلاف عسکری اتحاد میں شامل ملک اس وقت موصل کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے قبضے سے چھڑانے کی بڑی تیاریوں میں ہیں اور فرانسیسی جنگی طیاروں نے عراق میں اپنے مشنوں میں اضافہ فرانسیسی طیارہ بردار بحری بیڑے چارلس ڈیگال کے داعش مخالف عسکری مشن میں دوبارہ شمولیت کے بعد کیا ہے۔
خانہ جنگی کے باعث شمالی عراق کا نقشہ بدل رہا ہے
موصل سے داعش کو نکالنے کے لیے آپریشن کا آغاز
عراق: دو سال میں اتحادیوں کے ساڑھے 9 ہزار فضائی حملے
اس بارے میں نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے پیرس سے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ موصل پر قبضے کی تیاریوں کے دوران فرانس گزشتہ چند ہفتوں سے عراق میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں بغداد حکومت بھی امریکا اور اپنے دیگر اتحادیوں کے تعاون سے زور شور سے عسکری تیاریاں کر رہی ہے کیونکہ موصل کو داعش کے قبضے سے چھڑا لینا بغداد حکومت اور اس کے اتحادی ملکوں کی اس شدت پسند تنظیم کے خلاف جنگ میں ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔
فرانس داعش کے خلاف اس فوجی اتحاد میں عراقی حکومت کی معاون ایک یورپی طاقت، نیٹو کے رکن ملک اور امریکا کے ایک اتحادی کے طور پر بھی شامل تو ہے، لیکن اس کا ایک پس منظر یہ بھی ہے کہ فرانس ان دو یورپی ملکوں میں سے ایک ہے جنہیں اب تک اپنے ہاں داعش سے منسلک جہادیوں اور انتہا پسندوں کے بار بار کے خونریز حملوں کی وجہ سے بہت زیادہ جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ داعش کے دہشت گردانہ حملوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دوسرا یورپی ملک بیلجیم ہے۔
عراق میں فرانسیسی فوجی موجودگی میں اضافے اور جنگی طیاروں کی بڑھتی ہوئی پروازوں کے بارے میں پیرس میں ملکی وزارت دفاع کے ایک اہلکار نے آج جمعہ تیس ستمبر کے روز بتایا، ’’فرانسیسی جنگی طیاروں نے آج عراق میں جو پروازیں کیں، انہیں موصل پر قبضے کے لیے ہونے والی جنگ کا آغاز نہیں سمجھا جانا چاہیے۔‘‘
اس فرانسیسی اہلکار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا، ’’موصل پر حملے کو زیادہ مربوط بنانے کے لیے پیرس کی امریکا اور دیگر اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر کی جانے والی تیاریاں جاری ہیں۔‘‘
ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ فرانسیسی جنگی طیاروں نے گزشتہ ہفتے بھی عراق میں مجموعی طور پر اپنے 32 جنگی مشن مکمل کیے تھے، جس دوران رافال فائٹر طیاروں نے عراق کے زمینی دستوں کی مدد اور متعدد فضائی حملےکرتے ہوئے داعش کے چار ٹھکانے بھی تباہ کر دیے تھے۔ فرانس نے عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر حملوں کا سلسلہ دو برس قبل شروع کیا تھا۔