موٹر ریسنگ: مونزا گراں پری ریس الونسو کے نام
13 ستمبر 2010اٹلی بھر میں فیراری ٹیم کی اِس کامیابی کا جشن شاندار طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ دو مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والے الونسو بھی اپنی اِس کامیابی پر بے حد خوش تھے:’’میری کیفیت کچھ ویسی ہی ہے، جیسی کہ 2006ء میں ہسپانوی گراں پری جیتنے پر تھی۔مَیں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اتنا اچھا ہو گا۔ یہاں انسانوں کا ایک سمندر ہے اور دور دور تک لہراتے فیراری کے سرخ پرچم۔ یہ جیت بہت ہی خاص جیت ہے، یہ ایک جذباتی فتح ہے۔‘‘
مونزا گراں پری ریس میں میکلارن مرسیڈیز ٹیم کے عالمی چیمپئن برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن نے دوسری جبکہ فیراری کے برازیل سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی فلیپے ماسا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اطالوی گراں پری ریس موجودہ سیزن کی مجموعی طور پر اُنیس ریسوں میں سے چودہویں ریس تھی، جس کے بعد مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے ریڈ بُل ٹیم کے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور مارک وَیبر ایک سو ستاسی پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر یر ہیں۔ اتوار کی ریس میں وہ محض چھٹی پوزیشن حاصل کر سکے تھے۔
ایک سو بیاسی پوائنٹس کے ساتھ برطانیہ کے لوئیس ہیملٹن دوسرے نمبر پر جا رہے ہیں، جو اتوار کو قبل از وقت ہی ریس سے خارج ہو گئے تھے۔ اٹلی کی مونزا گراں پری ریس کے فاتح ہسپانوی ڈرائیور فیرنانڈو الونسو ایک سو چھیاسٹھ پوائنٹس کے ساتھ اب تک مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کئے ہوئے ہیں۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: مقبول ملک