1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موچا طوفان سے میانمار اور بنگلہ دیش میں لاکھوں افراد متاثر

15 مئی 2023

موچا سمندری طوفان کو سن 2007 کے بعد سے اب تک کا سب سے طاقت ور سمندری طوفان قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ سے متعدد افراد ہلاک ہوگئے اور لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچانا پڑا ہے۔

Zyklon «Mocha» - Myanmar
تصویر: Myanmar Military True News Information Team/AP/dpa/picture alliance

دو سو دس کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواوں کی وجہ سے کچے مکانات اور جھونپڑیوں کی چھتیں اڑ گئیں اور حکام کو لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے کافی جدوجہد کرنی پڑی۔

حالانکہ اب تک پانچ افراد کے ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ چونکہ طوفان کی وجہ سے میانمار کے افلاس زدہ ریاست رکھائن کا مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہواہے جس کی وجہ سے تباہی کے اثرات کا درست اندازہ لگانا فی الحال مشکل ہے۔

پچھلے پندرہ برس کے دوران آنے والے سب سے شدید ترین سمندری طوفان موچا کی وجہ سے بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی ساحلی علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جب کہ میانمار کے بندرگاہی شہری ستوے میں مکانات پانی میں ڈوب گئے ہیں۔

بنگلہ دیش: سمندری طوفان سترنگ کی تباہ کاریاں، نو افراد ہلاک

حکام اور امدادی کارکنوں کے مطابق میانمار کا اہم شہر ستوے پیر کے روز ملک کے دیگر حصوں سے کٹ گیا ہے۔ ڈیڑھ لاکھ آبادی والے اس شہرکو موچا کی سب سے زیادہ تباہ کاری جھیلنی پڑی ہے۔

ادھر بنگلہ دیشی حکام کا کہنا ہے کہ موچا دس لاکھ سے زائد روہنگیا پناہ گزین والے کاکس بازار علاقے کے قریب سے گزر گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

بنگلہ دیشی حکام کا کہنا ہے کہ موچا روہنگیا پناہ گزین والے کاکس بازار علاقے کے قریب سے گزر گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہےتصویر: via REUTERS

راحت اور بچاو کا کام

ستوے میں رکھائن یوتھ فلنتھراپک ایسوسی ایشن کے ایک رہنما کے مطابق 700 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں اور 20000 سے زائد افراد نے اونچی عمارتوں، بودھ عبادت گاہوں،پگوڑوں اور اسکولوں میں پناہ لے رکھی ہے۔

بنگلہ دیش میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ وزارت کے سکریٹری قمرالحسن نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ بنگلہ دیشی حکام نے ساڑھے سات لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپوں میں نصب خیموں کو بہت زیادہ نقصان نہیں پہنچا ہے۔

ڈپٹی رفیوجی کمشنر شمس الدجیٰ نے بتایا، "تقریباً 300 خیمے تباہ ہوئے ہیں۔" انہوں نے بتایا کہ اب "آسمان صاف ہو گیا ہے۔"

روہنیگا کو اب مون سون سے خطرہ

بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عزیز الرحمان کے مطابق سن 2007میں آنے والے صدر سمندری طوفان کے بعد موچا اب تک کا سب سے طاقت ورسمندری طوفان تھا۔

نومبر2007 میں بنگلہ دیش کے جنوبی ساحل سے ٹکرانے والے صدر طوفان کی وجہ سے 3000سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے اور اربوں ڈالر کی مالیت کا نقصان ہوا تھا۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے 'اورینج الرٹ' جاری کیا ہے، جس کے بعد انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات شروع کر دیے ہیںتصویر: SAI AUNG MAIN/AFP

بھارت میں الرٹ جاری

پڑوسی ملکوں میں موچا سمندری طوفان کے مدنظر بھارتی محکمہ موسمیات نے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی بھارت کے آسام، میگھالیہ، تری پورا، منی پور اور ناگالینڈ میں بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے تاہم کہا کہ میانمار کے نیایونگ اور بنگلہ دیش کے کاکس بازار سے گزرنے کے بعد موچا سمندری طوفان کا زور کم پڑ گیا ہے۔

بھارت میں تاوتے سمندری طوفان سے متعدد افراد ہلاک

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے 'اورینج الرٹ' جاری کیا تھا، جس کے بعد انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

 ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں