1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موگیرینی کا غزہ کا دورہ، فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ

عصمت جبیں8 نومبر 2014

یورپی یونین کی خارجہ امور کی نئی سربراہ فیدیریکا موگیرینی نے ہفتے کے روز غزہ کے دورے کے دوران خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا جبکہ آج ہی شمالی اسرائیل میں پولیس نے ایک عرب نوجوان کو گولی مار دی۔

تصویر: Reuters/M. Salem

حال ہی میں اپنا عہدہ سنبھالنے والی فیدیریکا موگیرینی کل جمعے کو اپنے پہلے دورے پر مشرق وسطیٰ پہنچی تھیں اور ان کا دورہ کل اتوار تک جاری رہے گا۔ اس دوران انہیں اسرائیل کے علاوہ فلسطینی علاقوں میں غزہ اور رملہ بھی جانا تھا۔ آج غزہ پہنچنے کے بعد انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی ایک خود مختار ریاست جلد از جلد قائم ہونی چاہیے۔ اس لیے کہ دنیا غزہ پٹی کے علاقے میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین کسی نئی جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

فیدیریکا موگیرینی اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے ہمراہتصویر: picture-alliance/dpa/Jim Hollander

گزشتہ چھ برسوں کے دوران اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین تیسرے مسلح تنازعے کے نتیجے میں بری طرح تباہ ہو جانے والی غزہ پٹی کے اپنے دورے کے دوران موگیرینی نے کہا، ’’ہمیں ایک فلسطینی ریاست کی ضرورت ہے۔ یہی حتمی منزل ہے اور پوری یورپی یونین کی مشترکہ پوزیشن بھی۔‘‘

اس سال جولائی اور اگست میں غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی 50 دنوں تک جاری رہی تھی، جس میں دو ہزار ایک سو چالیس سے زائد فلسطینی اور 70 سے زائد اسرائیلی ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ اسرائیل نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مزید یہودی بستیوں کی تعمیر کے جو نئے متنازعہ منصوبے بنا رکھے ہیں، ان کی وجہ سے وہاں تقریبا ہر روز پرتشدد واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں۔ موگیرینی خطے کا اپنا یہ پہلا دورہ اسی پس منظر میں کر رہی ہیں۔

موگیرینی نے، جو اٹلی کی سابق وزیر خارجہ ہیں، کہا کہ اب بیٹھ کر صرف انتظار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا، ’’اگر ہم صرف بیٹھ کر انتظار ہی کرتے رہے تو مزید چالیس سال گزر جائیں گے۔ ہمیں ابھی ایکشن لینا ہو گا۔‘‘

’’ہمیں ایک فلسطینی ریاست کی ضرورت ہے۔ یہی حتمی منزل ہے اور پوری یورپی یونین کی مشترکہ پوزیشن بھی۔‘‘تصویر: EMMANUEL DUNAND/AFP/Getty Images

فلسطینی اپنے لیے ایک ایسی آزاد ریاست کے قیام کے لیے کوشاں ہیں، جو غزہ پٹی اور اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے کے علاقوں پر مشتمل ہو گی اور جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہونا چاہیے۔ سویڈن یورپی یونین کا رکن وہ پہلا مغربی یورپی ملک ہے، جس نے گزشتہ مہینے فلسطینی ریاست کو سرکاری طور پر تسلیم کر لیا تھا۔

شمالی اسرائیل میں عرب نوجوان کی ہلاکت

اسی دوران آج ہفتے کے روز شمالی اسرائیل میں پولیس نے ایک ایسے عرب نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جس نے مبینہ طور پر ایک مقامی پولیس افسر پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ اسرائیلی ریڈیو کے مطابق یہ واقعہ الناصرہ کے نواح میں واقع ایک گاؤں کفر کانا میں پیش آیا۔ اس عرب نوجوان کی ہلاکت کے فوری بعد وہاں بدامنی پھیل گئی اور مشتعل نوجوانوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ٹائروں کو آگ لگا دی۔

اس بائیس سالہ عرب نوجوان کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ اس نے نہ تو کسی پولیس افسر پر چاقو سے حملے کی کوشش کی اور نہ ہی اس افسر کی جان کو کوئی خطرہ تھا کہ وہ اس نوجوان پر فائرنگ کرتا۔ اس اسرائیلی گاؤں کی عرب آبادی نے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے جبکہ وہاں پولیس کی نفری بھی بڑھا دی گئی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں