1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہندا راجا پکسے کے دو بھائی کرپشن الزام کی لپیٹ میں

عابد حسین23 اپریل 2015

سری لنکا کے تفتیش کاروں نے سابق صدر مہندا راجا پکسے کے ایک اور بھائی سے کرپشن اور غبن الزام کے تحت پوچھ گچھ کی ہے۔ کل بدھ کے روز اُن کے ایک اور بھائی باسل راجا پکسا کو کرپشن الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سابق صدر مہندا راجا پکسےتصویر: AP

سری لنکا کے رشوت اور کرپشن الزامات کی چھان بین کرنے والے کمیشن (CIABOC) نے آج سابق صدر مہندا راجا پکسے کے بھائی اور سابق وزیر دفاع گوٹابھیا راجا پکسے کو کرپشن الزامات کے تحت اپنے صدر دفتر طلب کیا۔ ایسا خیال کیا جاتا ہے کہ ایک دہائی پر محیط مہندا راجا پکسے کے دورِ صدارت میں وزارتِ دفاع پر فائز رہنے والے گوٹا بھیا نے کئی بین الاقوامی سودوں میں بھاری رشوت وصول کی تھی۔ سری لنکا کے سابق وزیر دفاع تفتیش کاروں کے سامنے آج جب پیش ہونے آئے تو وہ خاصے برہم دکھائی دیے۔

کولمبو کے مرکزی علاقے میں کمیشن کے دفتر میں پوچھ گچھ کے بعد گوٹا بھیا راجا پکسے نے صحافیوں کو بتایا کہ کمیشن کے اہلکار اُن کے دور کی پالیسیوں کے بارے میں ایکشن لینا چاہتے ہیں اور اِس بنیاد پر وہ سابقہ حکومت کی تمام کابینہ کو گرفتار کر نا چاہیں گے کیونکہ وہ تمام پالیسی سازی میں شریک تھے۔ گوٹابھیا نے کمیشن کی چھان بین کے عمل کو انتہائی نامناسب قرار دیا۔ صحافیوں کے سامنے گوٹا بھیا کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور وہ ساری زندگی ایک ایماندار افسر رہے ہیں۔

سابق صدر مہندا راجا پکسے کی ایک میٹنگ میں فوجی افسران کے ہمراہ گوٹابھیا بھی بیٹھے ہیںتصویر: AP

جس وقت سابق صدر کے بھائی کمیشن پہنچے، اُس وقت اُن کے سینکڑوں حمایتی اُن کی تصاویر اٹھائے نعرہ بازی کر رہے تھے۔ اِس ہجوم میں کئی افراد سری لنکا کا ایسا پرچم بھی اٹھائے ہوئے تھے جس میں سبز اور زغفرانی پٹیاں حذف تھیں۔ سری لنکن پرچم میں سبز پٹی سے مسلمان اور زعفرانی سے ہندو مراد لیے جاتے ہیں۔ سری لنکا کے انتہا پسند، سابق صدر مہندا راج پکسے کے دور میں خاصے متحرک ہو گئے تھے اور وہ مسلمانوں کی املاک پر حملوں سے بھی گریز نہیں کرتے تھے جبکہ راجا پکسے نے تامل ہندووں کی مسلح علیحدگی پسند ی کی تحریک کو ایک منظم فوجی آپریشن میں کچل دیا تھا۔

ابھی ایک دن قبل سری لنکن حکام نے مہندا راجا پکسے کے بھائی اور سابق وزیر برائے اقتصادی ترقی باسل راجا پکسے کو سرکاری خزانے میں غبن کے الزام کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ باسل راجا پکسے کے وکیل کے مطابق اُن کے مؤکل کو سات گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد حراست میں لیا گیا ہے اور بدھ کی شام مزید ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا۔ سابق صدر کے بھائی کو سرکاری خزانے میں ستر لاکھ سری لنکن روپے کی کرپشن اور غبن کے الزام کا سامنا ہے۔ سری لنکا میں ایسی کرپشن ناقابلِ ضمانت جرم ہے۔ باسل کے دور میں اُن کی وزارت میں کام کرنے والے دو اعلیٰ حکومتی اہلکاروں کو بھی اِسی کرپشن میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں