1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میراڈونا ارجنٹائن کے کوچ؟

29 اکتوبر 2008

ارجنٹائن فٹبا ل ایسوسی ایشن کی جانب سے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر ڈیگو میراڈونا کو ٹیم کا نیا کوچ بنانے کا فیصلہ متوقع ہے۔ ایسوسی ایشن نے ڈیگو میرا ڈونا پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کوچ بنانے کا اشارہ دیا ہے۔

انیس سو چھیاسی کے ورلڈ کپ فٹ بال میچ کی ایک یادگار تصویر جس میں میراڈونا اور کوچ بیلراڈو ایک ساتھ دکھائی دے رہے ہیںتصویر: dpa

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ارجنٹائن کی فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر Julio Grondona نے میراڈونا سے ملاقات میں یہ پیشکش کی۔ میراڈونا نے کہا کہ وہ فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے اس پیشکش میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔ ’’اس پیشکش سے بہت فخر محسوس ہو رہا ہے۔‘‘

میراڈونا کے بظور کوچ انتخاب کی خبروں پر ارجنٹائن میں فٹبال کے شائقین میں خوشی پائی جاتی ہے۔تصویر: AP

ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے کوچ کے حوالے سے گزشتہ کئی ماہ سے جاری بحث اب ختم ہوتی نظر آرہی ہے۔


میراڈونا، رواں ہفتے جمعرات کے روز پورے اڑتالیس سال کے ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا:’’ گوکہ میں ابھی کوچ نہیں بنا تاہم اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ میری سالگرہ پرایک خوبصورت تحفہ ہوگا۔‘‘


چار فٹبال ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے میرا ڈونا کواصل شہرت انیس سوچھیاسی کے ورلڈ کپ سے ملی، جب انہوں نے بطور کپتان اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردارادا کیا۔

تاہم ریٹائرمنٹ کے بعد ممنوعہ ادویات کے استعمال کی وجہ سے میراڈونا کی شخصیت کافی عرصے تک تنازعات کا شکار رہی۔ میراڈونا کچھ عرصے کے لئے گرفتار بھی ہوئے اور انہیں پندرہ ماہ کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اور سن 2000 میں وہ دل کی بیماری کا شکار بھی ہوئے۔

میراڈونا مختلف تنازعات کا شکار بھی رہےتصویر: AP



میرا ڈونا کی قومی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے ممکنہ تقرری کے حوالے سے ارجنٹائن میں فٹبال کے شائقین نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی میرا ڈونا کے متوقع انتخاب کو درست قرار دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے ایک نمائندے کا کہنا تھا کہ میرا ڈونا کوچنگ کے لئے ایک اچھا انتخاب ہیں لیکن اگر ان کی مدد کے لئے کسی اور کو بھی منتخب کرلیا جائے تو یہ ایک اچھا فیصلہ ہو سکتا ہے۔


بعض اطلاعات میں کہا جا رہا ہے کہ کارلوس بیلراڈو کو میراڈونا کے ساتھ بطور تکنیکی معاون کام کرنے کو کہا گیا ہے مگر اب تک ارجنٹائن کی فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے ان اطلاعات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ واضح رہے کہ کارلوس بیلراڈو، میراڈونا کی کپتانی میں 1986 کی فٹبال ورلڈ کپ کی فاتح ارجنٹائن کی ٹیم کے کوچ تھے۔

توقع کی جارہی ہے کہ ارجنٹائن کی قومی فٹبال ٹیم کا نیا کوچ رواں ہفتے ہی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں