1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلشمالی امریکہ

میراڈونا کی جرسی نے سپورٹس نیلامی کے ریکارڈ توڑ دیے

5 مئی 2022

ڈیگو میراڈونا نے یہی جرسی پہن کر 1986ء کے فٹ بال ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں وہ شاندار گول کیا تھا، جس کی وجہ سے ’خدائی ہاتھ‘ کی اصطلاح وجود میں آئی تھی۔ یہ جرسی لندن میں نو ملین ڈالر سے زائد کے عوض نیلام کر دی گئی ہے۔

Großbritannien | Maradonas WM-Trikot für über sieben Millionen Pfund versteigert
تصویر: Matt Dunham/AP/dpa/picture alliance

ارجنٹائن کے عہدساز  فٹ بالر ڈیگو میراڈونا نے تقریباﹰ 36 برس قبل یہ جرسی پہن کو جو تاریخی گول کیا تھا، وہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں انجام دیا جانے والا کارنامہ تھا۔ لندن کے معروف Sotheby's نیلام گھر میں اس جرسی کو فروخت کے لیے پیش کیا گیا تو میراڈونا کے ایک پرستار نے اسے 7.1 ملین پاؤنڈ یا تقریباﹰ 9.3 ملین ڈالر میں خرید لیا۔ اس سے قبل کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والی کسی بھی شے کی اتنی زیادہ قیمت کبھی ادا نہیں کی گئی تھی۔

ارجنٹائن کے فٹبال ستارے میراڈونا چل بسے

متعلقہ نیلام گھر کے مطابق یہ آن لائن نیلامی بدھ چار مئی کو کی گئی۔ اس ادارے نے خریدار کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

جرسی کی خاص بات

1986ء کے فٹ بال ورلڈ کپ میں ارجنٹائن اور انگلینڈ کا فٹ بال کا میکسیکو سٹی میں کھیلا گیا یہ میچ بہت مشہور خیال کیا گیا تھا کیونکہ تب ماہرین نے پیش گوئی کی تھی کہ جو ٹیم یہ میچ جیتے گی، وہی فائنل کی فاتح بھی ہو گی۔ اس میچ میں ارجنٹائن کے فارورڈ میراڈونا نے دو گول کیے اور انگلینڈ کی ٹیم صرف ایک ہی گول کر سکی تھی۔

نیلام گھر میں میراڈونا کی جرسی دکھائی جا رہی ہےتصویر: Getty Images for Sotheby's

میچ کا پہلا گول انگلینڈ کی ٹیم نے کیا تھا۔ ارجنٹائن کی جانب سے میراڈونا نے ایک ہیڈر سے اپنا اور اپنی ٹیم کا پہلا گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا تھا تاہم ریفری یہ نہ دیکھ  پایا تھا کہ گیند میراڈونا کے سر اور کلائی کو چھوتی ہوئی گول پوسٹ میں گئی تھی۔ اس میچ کے بعد اپنے اسی گول کے حوالے سے میراڈونا کا کہنا تھا کہ اس گول میں تھوڑا سا ان کا سر  اور تھوڑا سا 'خدا کا ہاتھ‘ بھی شامل تھا۔

میراڈونا کی کوچنگ میں ارجنٹائن کو بدترین شکست

میراڈونا کے دوسرے گول کو فٹ بال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے رائے عامہ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے 2002ء میں بیسویں صدی کا بہترین گول قرار دیا تھا۔ اس گول کے لیے میراڈونا نے گیند پر کنٹرول اپنے ہاف میں حاصل کیا اور پھر تقریباﹰ ساری انگلش ٹیم کو پچھاڑتے ہوئے، حتیٰ کہ آخر میں گول کیپر پیٹر شِلٹن کو بھی چکمہ دے کر  بال نیٹ میں ڈال دیا تھا۔

1980ء کی دہائی میں سپر اسٹار میراڈونا نے کئی شاندار گول کیے تھے لیکن فٹ بال کے کئی عظیم کھلاڑیوں نے بھی انگلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میں کیے گئے ان کے اس گول کو شاندار ترین قرار دیا تھا۔ تب ورلڈ کپ جیتنے کے بعد میراڈونا اپنے وطن ارجنٹائن میں قومی ہیرو بن گئے تھے۔ بعد میں وہ کوکین کے نشےکے عادی بھی ہو گئے تھے اور 2020ء میں ان کا انتقال ساٹھ برس کی عمر میں ہوا تھا۔

نیلام گھر تک یہ جرسی کیسے پہنچی؟

میچ کے بعد میراڈونا نے اپنی یہ جرسی انگلینڈ کے مڈفیلڈر اسٹیو ہوج کے ساتھ تبدیل کی تھی۔ انہوں نے یہ جرسی بہت عرصے تک انگلینڈ کے نیشنل فٹ بال میوزیم کو مستعار دے رکھی تھی۔ یہ میوزیم برطانوی شہر مانچسٹر میں واقع ہے۔

ڈیگو میراڈونا نے یہ جرسی پہن کر 1986ء کے فٹ بال ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں وہ شاندار گول کیا تھا، جس کی وجہ سے ’خدائی ہاتھ‘ کی اصطلاح وجود میں آئی تھیتصویر: Matt Dunham/AP Photo/picture alliance

بعد میں اسٹیو ہوج  نے یہ جرسی میوزیم سے واپس لے کر نیلامی کے لیے پیش کر دی تھی۔ میراڈونا کے رشتہ داروں نے اس جرسی کے اصلی ہونے پر اعتراض بھی کیا تھا لیکن نیلام گھر کی انتظامیہ نے یہ اعتراض رد کر دیا گیا۔

اس شرٹ کی نو ملین ڈالر سے زائد کے عوض نیلامی سے قبل 2019ء میں جدید اولمپک تحریک کے منشور کی نیلامی کے لیے آخری بولی 8.8 ملین ڈالر لگائی گئی تھی۔ چار مئی تک یہی عالمی سطح پر ایک ریکارڈ تھا، جسے گزشتہ روز میراڈونا کی جرسی نے ماضی کا حصہ بنا دیا۔

ع ح / ش ر (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں