میرپور: غیرملکی ریستوران کو آگ لگانے والے 50 افراد گرفتار
31 مارچ 2024گزشتہ روز پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر میر پور میں 50 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان افراد پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے اسرائیل مخالف مظاہرے کے دوران امریکی فوڈ چین کے ایف سے کے ایک ریستوران کو آگ لگا دی تھی۔
آگ لگائے جانے کا یہ واقعہ جمعے کی شام نماز مغرب کے بعد پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل مظاہرین اسرائیل مخالف نعرے لگا رہے تھے۔
میر پور پولیس کے مطابق 400 کے قریب یہ لوگ ایک مقام پر اسرائیل مخالف مظاہرہ کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے اور اسی دوران مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپ شروع ہو گئی۔
وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ لگانے سے پہلے کے ایف سی کی عمارت میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔
پولیس چیف کے مطابق ان مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھر بھی برسائے، جس سے پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔
ریستوران کے مالک چوہدری سعید کے مطابق انہوں نے شہری انتظامیہ کو ایک ویڈیو بھیجی تھی، جس میں کچھ نوجوان ان کی اس برانچ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا، ''اس ویڈیو میں ایک لڑکے کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ہم یہاں اکھٹے ہوئے ہیں تاکہ ہم کے ایف سی کو بند کرا سکیں۔ غزہ میں ہمارے بہن بھائی مظالم کا شکار ہیں۔‘‘ انہیں میں سے ایک اور نے کہا، ''یہاں کوک جیسی کسی بھی اسرائیلی مصنوعات کا استعمال نہیں ہو گا۔‘‘
پولیس کے مطابق ان میں سے زیادہ تر افراد کا تعلق بظاہر کسی گروہ سے نہیں ہے۔ تاہم کچھ تحریک لبیک پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں۔
ر ب/ ا ا (اے ایف پی)