1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 میرکل دور کے بعد حکومت قائم کرنا ایک طویل مرحلہ

21 ستمبر 2021

چھبیس ستمبر کو جرمن شہری اپنے ملک کی نئی پارلیمان کا انتخاب کریں گے لیکن وفاقی حکومت کا قیام اور نئے چانسلر کے منتخب ہونے میں وقت لگے گا۔

جرمنی کے نومنتخب پارلیمانی اراکین جرمن پارلیمان کی عمارت 'رائش ٹاگ‘ میں چھبیس اکتوبر سے پہلے کام شروع کر دیں گےتصویر: Jockel Finck/AP/picture alliance

چار سال قبل جرمن انتخابات کے بعد نئی حکومت کے قیام کو قریب چھ ماہ کا عرصہ لگا تھا۔ مختلف سیاسی جماعتیں، جن کی پالیسیاں اور ترجیحات ایک دوسرے سے مختلف ہیں، انہیں نئے حکومتی پلان پر متفق ہونے کے لیے مذاکراتی عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات یہ عمل کافی طویل ہوجاتا ہے اور ایسی صورت میں ملک کی سابقہ حکومت ایک عبوری حکومت کے طور پر کام کرتی ہے۔

اس مرتبہ بھی توقع ہے کہ حکومتی اتحاد قائم کرنے کے عمل میں وقت لگے گا۔ دو جماعتوں پر مشتمل اتحاد اکثریتی ووٹ حاصل کرتا نظر نہیں آرہا اور ایسا لگ رہا ہے کہ تین مختلف سیاسی جماعتیں حکومتی اتحاد بنائیں گی۔

سب سے پہلے سیاسی جماعتوں کو اپنے پارٹی ممبران کے ساتھ اتحاد قائم کرنے کے قواعد طے کرنا ہوتے ہیں۔ پھر وہ میڈیا سے چھپنے کی بھر پور کوشش کرتے ہوئے آپس میں بات چیت کرتے ہیں۔

04:07

This browser does not support the video element.

نو منتخب پارلیمان کے کام کا آغاز

حکومتی اتحاد قائم کرنے کے مذاکرات کا عمل چاہے جاری ہو، نو منتخب پارلیمان اپنا کام شروع کر دیتی ہے۔ جرمن آئین کے مطابق جرمنی میں نو منتخب پارلیمان کو انتخابات کے بعد تیس روز کے اندر اندر کام شروع کرنا ہوتا ہے۔

اگر جرمن پارلیمان حکومتی اتحاد کے لیے جاری مذاکرات کے باعث نئے چانسلر کو منتخب نہیں کر پاتی تو جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر چانسلر انگیلا میرکل اور ان کی کابینہ کو اگلی حکومت کے قیام تک کام کرنے کا کہیں گے۔

جرمنی کی نئی پارلیمان 709 اراکین سے تجاوز کر جائے گی۔ یہ جرمنی کی تاریخ کی سب سے بڑی اور چین کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے بڑی پارلیمان ہو گی۔ اس کی ایک وجہ جرمنی کا انتہائی پیچیدہ انتخابی عمل ہے، جو  اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے کہ پارلیمان کے اراکین کی تعداد پارٹی ووٹوں کی مناسبت سے ہو۔

پارلیمان کے سب سے سینیئر رکن نئی پارلیمان کے اجلاس کی سربراہی کرتے ہیں۔ اس اجلاس میں پارلیمانی صدر اور ان کے نائب اراکین کو منتخب کیا جاتا ہے۔ نئی پارلیمان کا سب سے اہم کام چانسلر کو منتخب کرنا ہے۔ جرمن چانسلر خفیہ ووٹنگ کے ذریعے منتخب ہوتے ہیں۔

رینا گولڈبرگ، ب ج، اا

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں