1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرکل ٹرمپ سے زیادہ مقبول

2 اکتوبر 2018

جرمن چانسلر انگیلا میرکل عالمی سطح پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں زیادہ مقبول رہنما ہیں۔ یہ بات پی ای ڈبلیو کی طرف سے کرائی گئی ایک تازہ اسٹڈی سے معلوم ہوئی ہے۔ یہ سروے 25 ممالک میں کیا گیا۔

US-Präsident Donald Trump und Kanzlerin Merkel
تصویر: picture-alliance/dpa/K. Nietfeld

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق پی ای ڈبلیو ریسرچ سنٹر کی طرف سے کرائے گئے اس سروے میں دنیا کے 25 ممالک میں 26 ہزار لوگوں سے سوالات کیے گئے۔ سروے میں شریک لوگوں سے دنیا کے پانچ رہنماؤں کے بارے میں پوچھا گیا۔ ان میں 52 فیصد کا کہنا تھا کہ انہیں جرمن چانسلر انگیلا میرکل پر اعتماد ہے کہ وہ عالمی معاملات میں درست فیصلے کریں گی۔ ان کے مقابلے میں ٹرمپ کے بارے میں ایسی رائے کا اظہار محض 27 فیصد افراد نے کیا۔

ڈی پی اے کے مطابق جن پانچ عالمی رہنماؤں کے بارے میں یہ سوال کیا گیا ان میں ٹرمپ اور میرکل کے علاوہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن،  چینی صدر شی جِن پِنگ اور فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں شامل ہیں۔ ان تمام رہنماؤں کے مقابلے میں ٹرمپ پر سب سے کم لوگوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

اسرائیل وہ واحد ملک ہے جہاں صدر ٹرمپ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔تصویر: Reuters/L. Mills

ٹرمپ پر سب سے کم اعتماد کا اظہار میکسیکو کے باشندوں نے کیا جو محض چھ فیصد رہا۔ تاہم اسرائیل وہ واحد ملک ہے جہاں صدر ٹرمپ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اسرائیل کے لیے امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کے فیصلے کے ایک برس بعد اسرائیل میں ٹرمپ کی ریٹنگ 56 فیصد سے بڑھ کر 69 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

میرکل ہالینڈ میں سب سے زیادہ مقبول رہیں جہاں 85 فیصد نے ان کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا۔تصویر: Reuters/H. Hanschke

میرکل ہالینڈ میں سب سے زیادہ مقبول رہیں جہاں 85 فیصد نے ان کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا جبکہ ان کی کم ترین مقبولیت یونان میں رہی جہاں محض 15 فیصد افراد نے نے ان پر اعتماد ظاہر کیا۔

پی ای ڈبلیو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے کرائے جانے والی اس اسٹڈی کے مطابق ٹرمپ کی قیادت پر سب سے زیادہ بد اعتمادی امریکا کے بعض بہت قریبی اتحادی ممالک میں زیادہ دیکھنے میں آئی۔ مثلاﹰ فرانس میں محض نو فیصد افراد نے ٹرمپ پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا جبکہ کینیڈا میں 25 فیصد نے۔

ا ب ا / ع ت (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں