میرکل کی لی کیچیانگ سے ملاقات
7 جولائی 2014انگیلا میرکل اتوار چھ جولائی کو علی الصبح چین کے جنوب مغربی شہر چینگ ڈو پہنچیں۔ میرکل نے وہاں مقامی حکام سے ملاقات کی۔ ایک مارکیٹ کی سیر کی اور جرمن کار ساز ادارے ’فوکس واگن‘ کے زیرانتظام ایک فیکٹری کا دورہ بھی کیا۔
چینگ ڈو میں اپنی مصروفیات کے بعد میرکل چینی دارالحکومت بیجنگ روانہ ہو گئیں جہاں انہوں نے چینی وزیر اعظم لی کیچیانگ سے ملاقات کی۔ بعد ازاں ان کے اعزاز میں ایک شاندار عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
میرکل کا یہ دورہ چینی صدر شی جِن پنِگ کے دورہ جرمنی کے محض تین ماہ سے کچھ زائد وقت کے بعد ہو رہا ہے جب دونوں ممالک نے متعدد اقتصادی معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
چین کی سرکاری نیوز ایجنسی ’شنہوا‘ کے مطابق میرکل اور لی کیچیانگ نے اتوار کو ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کو انتہائی اہم قرار دیا۔
یورپ کی سب سے بڑی معیشت ہونے کے ناطے جرمنی کے لیے چین کی مارکیٹ انتہائی اہم ہے۔ چینی کمپنیاں جرمن ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی متمنی ہیں جن میں لگژری کاروں سے لے کر پرتعیش گھریلو استعمال کی اشیاء تک شامل ہیں۔ جرمنی کی طرف سے گزشتہ برس چین کو 67 بلین یوروز مالیت کی اشیاء فروخت کی گئیں۔ یہ رقم 91 بلین امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔ چین جرمنی کے لیے دوسری سب سے بڑی غیر ملکی منڈی ہے۔ پہلے نمبر پر امریکا ہے۔ دوسری طرف چین کی طرف سے جرمنی کے لیے برآمدات کا حجم 73 بلین یوروز رہا۔
جرمن چانسلر کے ساتھ اس دورے میں جن اہم جرمن کمپینوں کے نمائندگان شریک ہیں، ان میں سیمنس، فوکس واگن، ایئربس، لفتھانزا اور ڈوئچے بینک شامل ہیں۔
میرکل آج پیر سات جولائی کو چینی وزیر اعظم لی کیچیانگ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گی۔ وہ چینی صدر شی جن پِنگ سے ملاقات سے قبل ’چائنا، جرمنی اکنامک اینڈ ٹریڈ کمیشن‘ کی ایک تقریب میں بھی شریک ہوں گی۔
وہ منگل کے روز جرمنی واپسی سے قبل بیجنگ کی معروف Tsinghua یونیورسٹی میں طلبہ سے ایک خطاب بھی کریں گی۔