میزائل حملے کا خطرہ ہے، جنوبی کوریا
11 اپریل 2013
جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ Yun Byung Se نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان چین اور روس سے درخواست کی ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور شمالی کوریا کے ساتھ معاملات معمول پر لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ شمالی کوریا کسی بھی وقت میزائل حملہ کر سکتا ہے۔ ذرائع ابلاغ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شمالی کوریا موسودان میزائل 15اپریل کو اپنے بانی مرحوم کم ال سنگ کی سالگرہ کے موقع پر داغ سکتا ہے۔
موسودان میزائل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا ابھی تک تجربہ نہیں کیا گیا ہے مگر یہ میزائل 4 ہزار کلومیٹر دور تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ یہ میزائل جاپان کے علاوہ مغربی بحرالکاہل میں گوام جزیرے میں قائم امریکی چھاؤنی کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس دوران امریکا نے بھی اپنا میزائل شکن نظام گوام میں نصب کر دیا ہے۔
جنوبی کوریا کے ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز مزید ایسے اشارے نہیں ملے ہیں کہ جن سے یہ تاثر ملے کہ شمالی کوریا میزائل حملہ کرنے کے بالکل قریب ہے۔ ایسی رپورٹس بھی موصول ہو رہی ہیں کہ چین نے شمالی کوریا جانے والے اپنے سیاحوں کو روک دیا ہے۔
گزشتہ ایک ماہ سے شمالی کوریا روزانہ ہی امریکا اور جنوبی کوریا کو دھمکیاں دیتا آ رہا ہے۔ متعدد مبصرین کا خیال ہے کہ شمالی کوریا اس تنازعے کو مزید ہوا نہیں دے گا کیونکہ اسے اندازہ ہے کہ جنگ کی صورت میں اسے شدید نقصان ہوگا۔ لیکن ساتھ ہی ان مبصرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیونگ یانگ کے بارے میں غلط اندازے نہیں لگانے چاہیں کیونکہ یہ ملک کبھی بھی کچھ بھی کر سکتا ہے۔
جنوبی کوریا کے مرکزی بینک کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ ایشیا کی چوتھی بڑی معیشت کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اس بیان کے بعد سے ہی اقتصادی شعبے میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔ ورنہ اس سے قبل جزیرہ نما کوریا میں کشیدہ صورتحال کی وجہ سے مالیاتی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ تھا۔
(ai/ab( Reuters , AP