1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مینڈیلا کی یاد میں اجتماع، سو سے زائد عالمی رہنما شرکت کر رہے ہیں

عدنان اسحاق 10 دسمبر 2013

جنوبی افریقہ میں آج منگل کے روز سابق صدر نیلسن منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک تعزیتی اجتماع منعقد ہو رہا ہے۔ اس تقریب میں تقریباً سو عالمی رہنما شرکت کر رہے ہیں۔

تصویر: Getty Images

نیلسن منڈیلا کی یاد میں ہونے والی یہ تقریب جوہانسبرگ کے فٹ بال اسٹیڈیم میں منعقد ہو رہی ہے۔ اس اسٹیڈیم میں فٹ بال کے عالمی کپ کا فائنل کھیلا گیا تھا اور نسلی امتیاز کے خاتمے کے ہیرو مینڈیلا آخری مرتبہ اسی اسٹیڈیم میں عوام کے سامنے آئے تھے۔ آج تقریباً سو عالمی لیڈران جنوبی افریقہ کے 80 ہزار شہریوں کے ساتھ مل کر نیلسن مینڈیلا کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ آج کے اس اجتماع کو عالمی رہنماؤں کی شرکت کے حوالے سے دنیا کی سب سے بڑی تقریب قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی صدر باراک اوباما اپنی اہلیہ مشل اوباما، سابق امریکی صدر جارج بش اپنی اہلیہ لورا بش، جمی کارٹر اور سابق امریکی صدر بِل کلنٹن اور ان کی اہلیہ سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن بھی جوہانسبرگ میں موجود ہوں گی۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون، کیوبا کے صدر راؤل کاسترو اور نائب چینی صدر لی یوئانچاؤ کےعلاوہ برازیل، نمیبیا اور بھارتی صدر بھی اس اجتماع سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ اٹلی، فرانس، کینیڈا، برطانیہ زمبابوے اور آسٹریلیا کے رہنما بھی شرکت کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

تصویر: Getty Images

نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات اتوار کے روز کونو میں ادا کی جائیں گی۔ انہوں نے اپنے بچپن کا زیادہ تو وقت اسی علاقے میں گزارا تھا۔ آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو کے بقول ’’ مینڈیلا خدا کا ایک بہترین تحفہ تھے۔ وہ بہت جلد ہی عالمی سطح پر خودداری اور درگزر کرنے کی علامت بن گئے تھے‘‘۔ آج کی تقریب کے بعد مینڈیلا کی میت تین روز تک پریٹوریا کی ایک حکومتی عمارت میں رکھی جائے گی۔

اتنی بڑی تعداد میں عالمی رہنماؤں کی آمد کی وجہ سے جنوبی افریقی حکام کو صرف سلامتی کے انتظامات میں ہی نہیں بلکہ نقل و حمل کے معاملے میں بھی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس تناظر میں اسٹیڈیم میں تعمیر کیے جانے والے اسٹیج پر بلٹ پروف شیشے لگائے گئے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکار اسٹیڈیم کے حفاظت پر مامور ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم میں گنجائش سے زیادہ لوگ داخل ہونے کی کوشش کریں گے اور پیر سے ہی عوام کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم کے باہر جمع ہو چکی ہے۔ اس وجہ سے اسٹیڈیم کے گرد کئی میل دور تک سڑکیں بند کر دی گئیں ہیں اور ایک قریبی اسٹیڈیم میں اجتماع کی کارروائی براہ راست نشر بھی کی جائے گی۔ جنوبی افریقی پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل سولومن مکگلے نے بتایا ’’ ان کی کوشش ہے کہ لوگ پرامن انداز میں اس تعزیتی اجتماع میں شرکت کریں‘‘۔ ان کے بقول ان کے ادارے کے پاس سو عالمی رہنماؤں کی حفاظت اور ان کی نقل و حمل کے انتظامات کرنے کے وسائل ہیں۔

.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں