1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

میٹرنٹی وارڈ پر روسی راکٹ حملے میں ایک نومولود ہلاک، یوکرین

23 نومبر 2022

یوکرین نے کہا ہے کہ جنوبی علاقے ژاپوریژیا میں ایک ہسپتال کے زچہ و بچہ وارڈ پر ہوئے ایک روسی راکٹ حملے میں ایک نومولود ہلاک ہو گیا جبکہ اس واقعے میں وارڈ کی دو منزلہ عمارت تباہ ہو گئی۔

Wintereinbruch in Kiew, Ukraine
تصویر: Stanislav Boiko/ZUMA Wire/imago

یوکرینی حکام کے مطابق جنوبی یوکرینی علاقے زاپوریژیا میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک زچہ و بچہ وارڈ پر روسی حملے میں ایک نومولود  ہلاک ہو گیا۔ روس اس یوکرینی علاقےکو اپنے ملک میں ضم کرنے کا دعویٰ کرتا ہے، تاہم اس خطے پر روس کا مکمل قبضہ نہیں ہے۔ یوکرینی حکام کے مطابق روس کی جانب سے ژاپوریژیا خطے کے وِلنیاسک شہر میں ایک راکٹ مقامی ہسپتال کے میٹرنٹی وارڈ پر گرا، جس سے وارڈ کی دومنزلہ عمارت تباہ ہو گئی۔

یوکرین پر روسی حملے کے نو ماہ، ہزاروں ہلاکتیں

نیٹو کی سیاسی اور فوجی تاریخ پر ایک نظر

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اس حملے کو 'قتل اور دہشت گردی‘ قرار دیتے ہوئے شدید دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے ایک مرتبہ پھر قتل اور دہشت کے ذریعے وہ کچھ حاصل کرنےکی کوشش کی ہے، جو وہ نو ماہ کی جنگ میں حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

روس 'گیس بلیک میل‘ کر رہا ہے

یوکرینی وزیر برائے توانائی جرمن گالوشینکو نے الزام عائد کیا ہے کہ روس گیس کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روسی کمپنی گیس پروم اٹھائئیس نومبر سے یوکرین کے راستے مولدووا کے لیے گیس کی سپلائی کم کر سکتی ہے۔

دوسری جانب روسی سرکاری کمپنی گیس پروم نے دھمکی دی ہے کہ اگر مولدووا کے لیے ترسیل کردہ گیس یوکرین نے روکی تو وہ گیس تو جوابی اقدامات کرے گی۔

یوکرینی وزیرِ توانائی نے کہا کہ گیس بلیک میل روس کا ایک پرانا حربہ ہے اور ماسکو حکومت ایندھن کو اپنے جیوپولیٹکل مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے۔

روس تمام ایرانی ہتھیار پھونک چکا

برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روس ایران سے حاصل کردہ تمام تر ہتھیاروں کے ذخیرے کے خاتمے کے قریب ہے۔ روس نے یوکرین میں حملوں کے لیے ایرانی ساختہ ڈرونز کو بڑی تعداد میں استعمال کیا ہے۔ برطانوی وزارتی بیان کے مطابق روس ایران سے مزید ہتھیار طلب کر سکتا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری کردہ یومیہ انٹیلی جنس رپورٹ میں برطانوی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ روس یوکرین میں ڈرون طیاروں کے علاوہ روایتی ہتھیاروں کا استعمال کر رہا ہے۔

روسی صدر پوٹن نے سنائپر گن سے شوٹنگ کی

01:33

This browser does not support the video element.

یوکرینی حکام 'بے خدا‘ ہیں

روس نے یوکرینی حکام کی جانب سے کییف میں ایک قدیم آرتھوڈاکس خانقاہ پر چھاپے پر تنقید کی ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے یوکرینی حکام کو 'لادین‘ اور 'غیراخلاقی‘ قرار دیتے ہوئے روسی کلیسا کے زیرانتظام چلنے والی اس خانقاہ پر چھاپے کی مزمت کی۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق اس خانقاہ پر چھاپے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔ یوکرین کی سکیورٹی سروس ایس بی یو نے اس ایک ہزار سال پرانی عمارت پر منگل کی صبح چھاپا مارا تھا۔ یوکرینی حکام کے مطابق یہ چھاپا یوکرین میں روسی خفیہ سرگرمیوں کا انسداد کرنے کے لیے جاری آپریشن کا حصہ تھا۔

ع ت ⁄ ش ر (ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں