1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میٹِس کا پاکستان سے ’ڈُو مور‘ کا مطالبہ

عاطف توقیر
5 دسمبر 2017

امریکی وزیردفاع جیمز میٹِس نے اپنے دورہ اسلام آباد کے موقع پر پاکستانی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر عسکریت پسندوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے کے لیے اپنے اقدامات میں تیزی لائے۔

Singapur IISS Shangri la Dialogue - James Mattis
تصویر: Reuters/E. Su

امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ جیمز میٹِس نے پاکستان پر واضح کیا ہے کہ وہ افغان سرحد کے قریب پاکستانی حدود ميں موجود ان عسکریت پسندوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرے، جو سرحد عبور کر کے افغانستان میں امریکی اور افغان فورسز پر حملے کرتے ہیں۔

پاکستان کی تعریف بھی اور اسے دھمکیاں بھی

میٹس پاکستان سے مزید تعاون کے لیے دباؤ ڈالیں گے

مذاکرات کی کامیابی تک شام اور عراق سے نہیں نکلیں گے، میٹس

امریکی حکام ایک طویل عرصے سے الزام عائد کرتے ہیں کہ پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے حقانی نیٹ ورک جیسے دہشت گرد گروپوں سے روابط ہیں اور پاکستانی سکیورٹی فورسز فقط ان عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں، جو پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہوتے ہیں۔

پاکستان اور امریکا، دونوں کی جانب سے میٹس اور پاکستانی قیادت کے درمیان ملاقاتوں کے بعد جاری کردہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن اور اسلام آباد مل کر کام کرنے اور افغانستان میں امن کے قیام کے عمل میں اسلام آباد کے کلیدی کردار پر متفق ہیں۔

جیمز میٹِس سے ملاقات سے قبل میڈیا کے ساتھ ایک مختصر گفتگو میں پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے انسداد کے لیے تن دہائيوں سے اقدامات کر رہا ہے اور اس معاملے پر امریکا اور پاکستان کے مقاصد ایک سے ہیں۔

اسلام آباد میں جیمز میٹِس نے تاہم صحافیوں سے بات چیت نہیں کی۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہےکہ پاکستانی عسکری اور سویلین قیادت سے ملاقاتوں میں میٹِس نے زور دیا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کو وسعت دے۔

کیا پاکستان کو داعش سے خطرہ ہے؟

04:48

This browser does not support the video element.

ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار کے مطابق ان ملاقاتوں میں جیمز میٹِس نے واضح انداز سے امریکی موقف پاکستانی قیادت پر واضح کر دیا ہے اور بتا دیا ہے کہ اسلام آباد کو کیا کچھ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو معلوم ہو کہ وہ دہشت گردی کے خلاف واقعی ٹھوس اقدامات کر رہا ہے۔

اس عہدیدار نے اپنا نام ظاہر کیے بغیر کہا ہے کہ میٹِس نے پاکستان پر واضح کیا ہے کہ اسلام آباد حکومت اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے طالبان کو مذاکرات کی میز پر واپس لائے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں