میڈرڈ ماسٹرزِ: نادال نے فیڈرر کو شکست دے دی
17 مئی 2010اتوار کے روز ہونے والے فائنل میں سابقہ عالمی نمبر ایک رافائل نادال نے روجر فیڈرر کو چھ دو اور ساتھ چھ سے شکست دی۔ ہسپانوی کھلاڑی اس اعزاز کے ساتھ کلے کورٹ کے تین اہم ٹائٹلز کے حامل واحد کھلاڑی بن گئے ہیں۔
شکست کے بعد روجر فیڈرر نے کہا کہ کلے کورٹ کو اس ٹورنامنٹ کی نگاہ سے نہیں دیکھا جانا چاہئے بلکہ اس کے حوالے سے اصل فیصلہ فرنچ اوپن ٹورنامنٹ کرے گا۔ فیڈرر نے کہا کہ وہ فرنچ اوپن میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لئے ہر طرح سے تیار ہیں۔
گزشتہ تقریبا ایک برس سے انجری مسائل کا شکار رافائل نادال اس مقابلے میں اپنے روایتی رنگ میں نظر آئے۔ تاہم مقابلے کے بعد ہسپانوی کھلاڑی نے اپنے کھیل کو قابل تعریف قرار نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف عالمی نمبر دو ہونا ان کی نظر میں اہمیت نہیں رکھتا اور وہ بہتر سے بہتر پرفارم کرنے کو اصل اعزاز سمجھتے ہیں۔
ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال اس جیت کے بعد 18 ماسٹرز ٹرافیاں جیتنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ شہرہ آفاق سابق ٹینس سٹار آندرے آگاسی نے 17 ماسٹرز ٹرافیاں جیتی تھیں جبکہ عالمی نمبر ایک روجر فیڈرر کے پاس 16 ماسٹرز ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : مقبول ملک