میڈونا ملاوی کے اسکول جائیں گی
3 اپریل 2010رائزنگ ملاوی نامی تنظیم کی روح رواں امریکی پاپ سٹار میڈونا کے ملاوی کے اس دورے میں ان کے دو سگے بیٹے روکو اور لورڈیس کے ساتھ ان کے ملاوی سے تعلق رکھنے والے گود لئے ہوئے دو بیٹے ڈیوڈ بانڈا اور چیفونڈو میرسی جیمز بھی ہمراہ ہوں گے۔
جمعے کے روز رائزنگ ملاوی اکیڈمی کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر انجیمیلی مٹیلا اوپونیو نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈونا کے اس دورے کا مقصد اکیڈمی کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینا ہے۔ ملاوی کے دارالحکومت کے نواحی علاقوں سےتعلق رکھنے والے مفلس افراد کی لڑکیوں کے لئے تعمیر کئے جانے والے اس اسکول کے حوالے سے میڈونا نے کام پچھلے برس اکتوبر میں شروع کیا تھا۔
میڈونا پیر کے روز اسی علاقے میں غریب افراد کے بہبود کے ایک پروجیکٹ کا بھی معائنہ کریں گی۔ یہ وہی علاقہ ہے، جہاں سے میڈونا کے ایک ایڈوپٹڈ بیٹے بانڈا کا تعلق ہے۔ اسکول کی تعمیر میں تاخیر کی وجہ تقریبا 200 دیہاتیوں کے اعتراضات تھے، جن کے مطابق اس اسکول کی تعمیر کے لئے زمین لیتے وقت انہیں معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔ حکومت نے اس پروجیکٹ کی تعمیر کے لئے ان دیہاتیوں سے زبردستی یہ زمین خالی کروا لی تھی۔ بعد میں میڈونا کے خیراتی ادارے نے خود ان شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے ان دیہاتیوں کو پانچ لاکھ ڈالر ادا کئے تھے۔
ملاوی کا شمار دنیا کے غریب ترین ممالک میں ہوتا ہے جہاں آباد تیرہ ملین افراد کی آمدنی ایک ڈالر یومیہ سے بھی کم بنتی ہے۔ میڈونا ملاوی میں کئی خیراتی اداروں کی امداد میں بھی پیش پیش ہیں۔ میڈونا ایڈز سے متاثرہ بچوں کے لئے گھروں کی تعمیر کے سلسلے میں بھی کئی پروجیکٹس کے لئے سرمایہ فراہم کرتی رہی ہیں۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : کشور مصطفیٰ