میکسیکو کی سڑک اور قدیم غار اب اہم عالمی ورثہ
3 اگست 2010اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ثقافت کی اس خصوصی کمیٹی کا اجلاس آج بھی برزیلیہ میں جاری رہے گا۔ اس کمیٹی نے انسانی ورثے کے حوالے سے ترتیب دی گئی اپنی فہرست میں بحر ہند کے ری یونین آئس لینڈ کی آتش فشانی چوٹیوں کو بھی شامل کر لیا ہے۔
اس مرتبہ ہونے والے اجلاس میں دنیا کے 39 اہم مقامات کو ثقافتی ورثے کا درجہ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ اب تک 39 میں سے 27 مقامات کو فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔
اتوار کو نیومیکسیکو سے ٹیکساس تک پھیلی ہوئی ایک پرانی سڑک کو انسانی ورثے کا درجہ دیا گیا۔ میکسیکو کی وسطی وادی اوآکساکا میں موجود یاگل اور میتلہ کی قدیم غاروں کو بھی عالمی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ان غاروں سے تقریبا 10 ہزار برس قدیم بیج ملے تھے۔ ماہرین کے مطابق اب تک دریافت ہونے والے یہ قدیم ترین بیج ہیں اور انسان کے معلوم علم کے مطابق آج سے دس ہزار برس قبل انہیں بیجوں کی مدد سے اس وادی میں زراعت کا آغاز ہوا تھا۔
یونیسکو کی عالمی کمیٹی برائے انسانی ورثہ کے رواں برس ہونے والے اس اجلاس میں چین میں موجود "spectacular red cliffs" اور ’’ڈرامائی قدرتی ستون‘‘ بھی انسانی ورثہ تسلیم کئے گئے ہیں۔ چین کے اس جنوب مغربی علاقے سے حیوانات کی 400 نایاب اقسام بھی دریافت ہوئی تھیں۔
عالمی کمیٹی کی اس ثقافتی فہرست میں اہم مقامات کی تعداد اب 910 ہو گئی ہے۔ اس مرتبہ آتش فشانوں سمیت قدرتی مناظر سے بھرپور متعدد علاقے بھی ثقافتی ورثے کے طور پر تسلیم کئے گئے ہیں۔ ان علاقوں کو اس فہرست میں شامل کرنے کا مقصد ان مقامات پر سیاحت کا فروغ اور حکومتوں کے لئے ان مقامات کی بہتر دیکھ بھال میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: ندیم گِل