McDonald's Japan cuts fries servings due to potato scarcity
22 دسمبر 2021جاپان میں فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈز نے کہا ہے کہ آلوؤں کی قلت کے باعث ایک ہفتہ تک ملک کی سبھی برانچز میں فرنچ فرائز کا صرف چھوٹا پیکٹ ہی فروخت کیا جائے گا۔ میکڈونلڈز کی وجہ شہرت اس کے فرنچ فرائز ہی قرار دیے جاتے ہیں۔
جاپان میں میکڈونلڈز فرنچائزڈ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کینیڈا سے آنے والے آلوؤں کی کھیپ میں تاخیر کے سبب سبھی برانچوں میں آلوؤں کی قلت ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے 24 تا 30 دسمبر ملک کی تمام برانچوں میں فرنچ فرائز کا سمال پورشن ہی فروخت کیا جائے گا۔
جاپان میں میکڈونلڈز کی سبھی برانچوں کو آلوؤں کی سپلائی کینیڈا سے ہوتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایسے صارفین کو بڑے یا درمیانے سائز کا مینیو آرڈر کریں گے انہیں بھی فرائز کا چھوٹا پیکٹ ہی ملے گا لیکن انہیں کم فرائز دیے جانے پر پچاس ین کا ڈسکاؤںٹ دیا جائے گا۔
کورونا وائرس کی وجہ سے دیگر شعبہ جات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ نومبر سن 2021 میں مالی منڈیوں کو کووڈ انیس کے نئے ویریئنٹ اومیکرون نے شدید دھچکا پہنچایا۔
افراط زر بھی بڑھا ہے جبکہ کئی ماہرین کا خیال ہے کہ سن 2022 کے ابتدائی مہینوں میں بھی یہ صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔ عالمی معیشت کی بحالی میں ایک اور رکاوٹ اشیا کی قلت اور سپلائی یا رسد میں واضح کمی ہے، جس کی بڑی وجہ کووڈ کی وجہ سے سمندری مال برداری کا عمل سست ہو جانا قرار دیا جا رہا ہے۔
اس تناظر میں امریکا میں پائے جانے والے خدشات زیادہ شدید ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور دوسرے ترقی یافتہ ممالک کو اقتصادی رفتار کو بہتر کرنے کے لیے مالی امدادی پیکجز متعارف کرانا ہوں گے اور روزگار کی منڈی کو بھی بہتر کرنا ہو گا۔
ع ب، ا ب ا (خبر رساں ادارے)