1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’میں تو گائے کا پیشاب پیتا ہوں‘ :بالی وڈ اداکار اکشے کمار

صلاح الدین زین ڈی ڈبلیو نیوز، نئی دہلی
11 ستمبر 2020

بالی وڈ کے معروف اداکار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ صحت کی غرض سے وہ روزانہ صبح کو گائے کا پیشاب پیتے رہے ہیں لیکن ان کے اس اعتراف کے بعد سوشل میڈیا پرایک دلچسپ بحث چھڑ گئی ہے۔

Indien Schauspieler Akshay Kumar
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Sharma

بالی وڈ کے معروف اداکاراکشے کمار نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ ہر روز صبح گائے کے پیشاب کو آیورویدک دوا کے طور پر استعمال کرتے رہے ہیں۔ ان کے اس انکشاف کے بعد سے ان پر طرح طرح کے تبصرے ہو رہے ہیں۔ اکشے  اس وقت اپنی ایک فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں اسکاٹ لینڈ میں ہیں۔

اکشے کمار نے حال ہی میں معروف برطانوی  ایڈونچرس بیئرگرلز کے معروف شو ''دی وائلڈ ود بیئر گرلز'' شو میں شرکت کی تھی۔ اس شو کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے ہاتھی کی لید (فضلے)سے تیار چائے پی تھی جس کے کافی تذکرے رہے ہیں۔ اسی پروگرام کے حوالے سے انسٹاگرام پر اداکارہ  ہما قریشی، لارا دتہ اور بیئر گرلز کے ساتھ لائیو شو کے دوران انہوں نے گائے کے پیشاب پینے کا انکشاف کیا۔   

ویڈیو انٹرویو میں ہما قریشی نے اکشے کمار سے پوچھا کہ آخر انہوں نے ہاتھی کی لید سے تیار گئی کی چائے پینے کی ہمت کیسے کی ہوگی اور اس کے لیے انہیں کیا کرنا پڑا ہوگا؟ اس کے جواب میں اکشے نے کہا، ''میں بہت پریشان نہیں ہوا۔ میں تو اتنا پرجوش تھا کہ فکر کی کوئی بات ہی نہیں تھی کیونکہ میں ہر روز صبح گائے کے پیشاب کو آیورویدک دوا کے طور پر استعمال کرتا رہا ہوں، تو میرے لیے یہ کوئی بڑی بات نہیں تھی۔''

تصویر: UNI

اداکار اکشے کمار ماضی میں بھی اس طرح کی باتیں کہہ چکے ہیں کہ وہ انگریزی دواؤں کا استعمال ہرگز نہیں کرتے ہیں، صحت  اور تندرستی کے لیے وہ دیسی اصولوں پر عمل کرتے ہیں، رات کا کھانا شام پانچ بجے تک کھا لیتے ہیں اور اس کے بعد وہ کوئی غذا نہیں لیتے۔ گائے کا پیشاب پینے سے متعلق ان کے اعتراف پر بعض لوگوں نے رد عمل کے طور پر کہا کہ ہم سب کو بھی اب ان کی صحت کے راز کا پتہ چل گیا ہے۔

اکشے کمار نے 'کھلاڑی'، 'میں کھلاڑی تو اناڑی'، 'سب سے بڑا کھلاڑی' اور ' کھلاڑیوں کا کھلاڑی' جیسی کئی کامیاب فلموں میں کام کیا ہے جس کی وجہ سے عرف عام میں انہیں مسٹر کھلاڑی بھی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے جب سے گائے کا پیشاب پینے کی بات کہی ہے سوشل میڈیا پر بھی اس بارے میں ایک بحث چھڑی ہوئی ہے۔

جوائے داس نامی ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ اکشے کہتے ہیں کہ وہ ہر روز گائے کاپیشاب پیتے ہیں، ''ان کی اگلی فلم ہوگی 'گاؤ موتروں کے کھلاڑی۔'' الکا ساہو لکھتی ہیں، ''گاؤ متروں کے پلاڑی۔'' دل جیت نامی ایک صارف نے لکھا، ''اس انکشاف کے بعد میں تو اس سوچ میں ہوں کہ انہیں اب اسکرین پر کتنی ہیروئنیں کس کریں گی (بوسہ دیں گی)۔

ایک دوسرے صارف نے لکھا، ''آخ تھو۔''  فہد نامی ایک صارف نے اس پر سوال پوچھا، ''کیا وہ ہر صبح جب گائے پیشاب کرتی ہی تو براہ راست پیتے ہیں یا پھر پتنجلی جو ڈبہ بند کر کے فروخت کرتی ہے اسے پیتے ہیں؟''   

 سنتوش نامی ایک صارف نے لکھا، ''جب انسان کھانا چھوڑ کر گوبر کھانے اور گائے کا پیشاب پینے لگ جائے تو سمجھ لو کہ وہ سو فیصد بھگت ہے۔ اس گوبر بھکتی کو سلام۔''  لیکن لکشمن نامی ایک اور صارف اس میں سیاست کی آمیزش بتاتے ہیں۔ انہوں نے لکھا، ''وہ (اکشے) تھوڑا ہلے(گھبرائے) ہوئے ہیں، اس وقت بی جے پی میں کنگنارناؤت آگے نکل چکی ہیں۔ تو ان کے لیے کچھ اس طرح کا پسندیدہ بیان دینا ضروری ہوگیا تھا اور یہ وہی ہے۔''

  نتن شنوائے نامی ایک صارف نے سوال کیا ہے، ''پیشاب کینیڈا کی گائیوں سے آتا ہے یا پھر بھارت سے برآمد کیا جاتا ہے؟'' واضح رہے کہ اکشے کمار کے پاس کینیڈا کا بھی پاسپورٹ ہے اور اس حوالے سے بھی کئی بار متنازعہ باتیں ہوتی رہی ہیں۔ راجیو کھنہ نامی صارف لکھتے ہیں کہ ''کچھ لوگ گائے کا پیشاب پیتے ہیں اور کچھ لوگ ہیں جو گائے کا گوشت کھاتے ہیں۔'' وشال ویر سنگھ لکھتے ہیں، ''ہمیں تو بس ان کی اہلیہ (ٹوئنکل کھنّہ) پر رحم آتا ہے۔''

اکشے آج کل اپنی فلم بیل باٹم کی شوٹنگ کے لیے اسکاٹ لینڈ میں ہے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ اداکارہ ہما قریشی اور لارا دتہ بھی ہیں، فلم آئندہ برس ریلیز ہوگی۔ 

بالی وڈ میں جنسی ہراسی کا معاملہ

01:16

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں