رواں سیزن میں لیور پول کلب کے لیے شاندار آغاز کرنے والے محمد صلاح نے اپنے مداحوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ اس کلب کے ساتھ ہی رہیں گے۔ ایسی چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ صلاح میں دلچسپی رکھتا ہے۔
اشتہار
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مصری قومی فٹ بال ٹیم کے معروف کھلاڑی محمد صالح کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہ مستقبل میں لیور پول کے ساتھ ہی رہیں گے۔ صلاح نے اس تناظر میں کہا کہ رواں سیزن تو ابھی ایک آغاز ہے۔
جمعرات کی رات منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں انہیں لیور پول کے بہترین فٹ بالر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا، جس کے بعد ہونے والی ووٹنگ میں انہیں فٹ بال رائٹرز ایسوسی ایشن کے اعزاز کے لیے بھی منتخب کیا گیا۔
صلاح نے لیور پول ٹیم کے رکن کے طور پر اپنے مداحوں سے کہا، ’’میں یہاں بہت خوش ہوں۔ یہاں سب کچھ بہترین ہے۔ لیور پول کے ساتھ میں اپنا مستقبل دیکھ رہا ہوں۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ہمارے لیے یہ سیزن بہت شاندار ثابت ہوا ہے۔ ہم چیمپئنز لیگ کے فائنل تک رسائی حاصل کر چکے ہیں اور ہر کوئی پرجوش ہے۔‘‘
محمد صلاح نے مزید کہا، ’’یہ تو ابھی آغاز ہے۔ اس کلب کے ساتھ یہ میرا پہلا سال ہے اور دیگر کئی کھلاڑی بھی پہلی مرتبہ لیور پول کے لیے کھیل رہے ہیں۔ میں یہی کہوں گا کہ یہ صرف شروعات ہے۔‘‘
پچیس سالہ صلاح نے رواں سیزن میں لیور پول کے لیے 43 گول کیے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ موسم سرما میں روما کلب کو خیرباد کہتے ہوئے انگلش پریمیئر لیگ کی ٹیم لیور پول میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اپنے شاندار کھیل کے باعث صلاح کا موازنہ اسٹار کھلاڑیوں کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی سے کیا جانے لگا ہے۔ ایسی خبریں بھی ہیں کہ ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ صلاح کو خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
چیمپئنز لیگ کے فائنل میں رئیل میڈرڈ اور لیورپول ہی آمنے سامنے ہیں۔ لیور پول کے جرمن کوچ ژورگن کلاپ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم اس یورپی چیمپیئن شپ کے اس اہم میچ میں میڈرڈ کو کڑا وقت دینے کے لیے تیار ہے۔ تاہم لیور پول کی ٹیم ابھی تک انگلش پریمیئر لیگ میں کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکی ہے اور اس مرتبہ ٹائٹل جیتنے کی خاطر اسے کافی محنت کرنا ہو گی۔
ع ب / ش ح / خبر رساں ادارے
فٹ بال ورلڈ کپ اور چند دلچسپ حقائق
فٹ بال کے اکیسویں عالمی کپ کی میزبانی اس برس روس کے سپرد ہے جہاں 14 جون سے 15 جولائی تک دنیا کی بہترین ٹیموں کے درمیان میچز کھیلے جائیں گے۔ فیفا ورلڈ کپ کے حوالے سے چند دلچسپ معلومات جانیے اس پکچر گیلری سے۔
اس برس بھی عالمی کپ حاصل کرنے کے لیے 32 ٹیمیں مد مقابل آئیں گی۔ ان میں آئس لینڈ اور پاناما کی ٹیمیں پہلی بار کولیفائی کرتے ہوئے حصہ لے رہی ہیں۔ سن 2026 میں فٹبال ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کی تعداد 48 کر دی جائے گی۔
جرمنی ورلڈ کپ کے گزشتہ تین ٹورنامنٹس میں سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیم رہی ہے۔ جرمن فٹ بال ٹیم 2014ء میں اٹھارہ، 2010ء میں سولہ اور 2006ء میں چودہ گولز کے ساتھ سرفہرست رہی۔
تصویر: Imago/ActionPictures/P. Schatz
دنیا کی نصف آبادی کی دلچسپی
اعداد و شمار اکھٹا کرنے والے ایک ادارے کے مطابق فٹ بال کے اس برس عالمی کپ کو صرف ٹی وی پر ہی دیکھنے والوں کی تعداد 3.2 بلین ہو گی، جو دنیا کی تقریباﹰ نصف آبادی کے برابر ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Kenare
ایران کے لیے سنگ میل
ایران اس برس پہلی بار متواتر دوسری مرتبہ عالمی کپ کھیلے گا۔
تصویر: Mehr
سب سے چھوٹا ملک
آئس لینڈ اس ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ملک ہے۔
تصویر: picture-alliance/Back Page Images
دو براعظموں میں میچز
یہ پہلی بار ہو گا جب فٹ بال ورلڈ کپ کے میچ دو بر اعظموں، یورپ اور ایشیا میں کھیلے جائیں گے۔ اب کے عالمی مقابلوں میں سب سے کم درجہ بندی روس (65) اور سعودی عرب ( 63) کی ہے۔
تصویر: Reuters/D. Staples
64 میچز
ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس ٹورنمنٹ میں کُل 64 میچ کھیلے جائیں گے جیسے دیکھنے کے لیے اندازاﹰ دس لاکھ سے زائد غیر ملکی روس کا رخ کریں گے۔
تصویر: Getty Images/AFP/M. Antonov
جیتنے والی ٹیم کو انعام
اس برس عالمی چیمپئین کا تاج سر پر سجانے والی ٹیم کو 3.8 ملین ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2.8 ملین ڈالر کی انعامی رقم کی حقدار قرار پائے گی۔