1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میں کہیں نہیں جا رہا، کرسٹیانو رونالڈو

عاطف بلوچ، روئٹرز
25 جولائی 2017

شہرہ آفاق فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے بالآخر ایسی خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کو خیرباد کہنے والے ہیں۔ پرتگیزی اسٹار نے کہا ہے کہ وہ مزید کامیابیاں سمیٹنے کی خاطر رئیل میڈرڈ کا ہی حصہ رہیں گے۔


Malaga vs. Real Madrid Jubel
تصویر: Getty Images/AFP/J. Jordan

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پچیس جولائی بروز منگل بتایا ہے کہ رئیل میڈرڈ کے اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کلب بدلنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

’رونالڈو نے چیمپئنز لیگ کا فائنل جیت لیا‘

سن 2016 کے لیے کرہٴ ارض کا بہترین فٹ بالر: کرسٹیانو رونالڈو

میں دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک بننا چاہتا ہوں، رونالڈو

ایک ہسپانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں بتیس سالہ رونالڈو نے کہا کہ گزشتہ سیزن میں انہیں رئیل میڈرڈ میں بہت زیادہ عزت ملی اور اس ٹیم نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں اور وہ مستقبل میں بھی رئیل میڈرڈ کے ساتھ رہتے ہوئے ہی ایسی مزید کامیابیوں کے حصول کے لیے کوشاں رہیں گے۔

گزشتہ ماہ پرتگیزی اخبار O Globo نے کہا تھا کہ رونالڈو آئندہ سیزن میں رئیل میڈرڈ کا حصہ نہیں رہیں گے۔ یہ خبر اس وقت زیادہ گرم ہو گئی تھی، جب رونالڈو نے اس کی تردید نہیں کی تھی۔ گزشتہ ہفتوں کے دوران رونالڈو کے مداحین اس معاملے پر کافی زیادہ بحث مباحثہ کرتے رہے کہ آخر کیا وجہ ہوئی کہ رونالڈو نے رئیل میڈرڈ کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہسپانوی ٹیکس حکام کی تحقیقات کے باعث ایسے امکانات بڑھ گئے تھے کہ غالبا رونالڈ اپنے کلب کو چھوڑ کر کسی اور کلب کو جوائن کر لیں۔ رونالڈو پر الزام ہے کہ انہوں نے 14.7 ملین یورو کی ٹیکس چوری کی ہے۔ اکتیس جولائی کو انہوں نے میڈرڈ کی ایک عدالت میں پیش ہونا ہے، جہاں وہ خود پر عائد ایسے چار مختلف الزامات کا دفاع کریں گے۔

رونالڈو نے O Globo کے ساتھ انٹرویو میں ان الزامات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر ان کے خلاف ٹیکس چوری کی تحقیقات جاری رہیں تو وہ ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کو چھوڑ دیں گے۔ رونالڈو نے گزشتہ نومبر میں ہی رئیل میڈرڈ کے ساتھ سن 2021 تک کا معاہدہ طے کیا تھا۔ فوربز میگزین کے مطابق رونالڈو دنیائے کھیل کے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں۔ سن دو ہزار سولہ اور سترہ کے دوران ان کی آمدنی 93 ملین ڈالر قرار پائی تھی۔

رئیل میڈرڈ کے منیجر زیڈان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ رونالڈو اپنے کلب کو چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ رونالڈو چھٹی منانے گئے ہوئے ہیں اور وہ پانچ اگست کو کلب دوبارہ جوائن کر لیں گے۔ انہوں نے یہ توقع بھی ظاہر کی کہ دنیائے فٹ بال کا سپر اسٹار آئندہ دو تین سالوں کے لیے رئیل میڈرڈ کا حصہ ہی رہے گا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں