نئی جرمن پارلیمان کا پہلا اجلاس
22 اکتوبر 2013
77 سالہ ہائنس ریزن ہوبر اس وقت جرمن پارلیمان کے سب سے سِن رسیدہ رکن ہیں۔
وفاقی جمہوریہ جرمنی کی 18 ویں آئینی مدت آج سے شروع ہوگئی ہے۔ اس آئینی مدت کے لیے چھ ڈپٹی اسپیکرز کا انتخاب کیا گیا ہے جو جرمنی کی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔ ساتھ ہی کرسچن ڈیمو کریٹک یونین سی ڈی یو سے تعلق رکھنے والے سیاستدان نوربرٹ لامرٹ تیسری بار پارلیمان کے اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔ اس بار انہیں 95 فیصد ووٹوں سے چنا گیا جو اب تک انہیں بطور اسپیکر ملنے والے ووٹوں میں سب سے بڑی شرح ہے۔
سی ڈی یو کے سیاستدان ہائنس ریزن ہوبر نے آج نئی جرمن پارلیمان کے پہلے اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے تمام شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ ہوبر نے اس موقع پر حالیہ پارلمیانی انتخابات میں غیر متوقع طور پر ناکامی کا شکار ہونے والی فری ڈیمو کریٹک پارٹی کے اب تک کے سیاسی کردار کو سراہتے ہوئے کہا، ’’ایف ڈی پی نے وفاقی جمہوریہ جرمنی کے قیام سے لے کر اب تک پارلیمان میں لبرل سوچ کی حامل سیاسی پالیسیوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس بار ایف پی ڈی کا کوئی ترجمان پارلیمان میں موجود نہیں ہے۔ تاہم تمام سابقہ سیاسی رفقا کے ساتھ ہمارے دوستانہ تعلقات برقرار رہے ہیں گے۔ تمام سابقہ پارٹنرز ہماری سیاسی برادری کا حصہ رہیں گے اور ہم ان کے سالوں پر محیط سیاسی سرگرمیوں اور ہمارے ساتھ اشتراک عمل کا تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔‘‘
جرمنی کی نئی وفاقی پارلیمان 631 اراکین پر مشتمل ہے۔ آج اس کے پہلے اجلاس میں پارلیمانی اراکین نے سیاسی عمل اور پارلمیانی کارروائی کے طریقہ کار اور پارلیمانی اراکین کے رویے سے متعلق قوانین پر مشترکہ طور پر اتفاق کیا۔ ساتھ ہی ماحول پسند گرین پارٹی کی طرف سے ایک درخواست دائر کی گئی جس میں ایک وسیع مخلوط حکومت کی ممکنہ تشکیل کی صورت میں پارلیمان سے اپوزیشن کے اقلیتی اختیارات کو مضبوط تر بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس حوالے سے جرمنی کے ایک معروف ماہر سیاسیات اور کولون یونیورسٹی کے پروفیسر تھوماس ییگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’اب دیکھنا یہ ہے کہ پارلیمان میں عملی اور بنیادی طور پر اپوزیشن کے اقلیتی اختیارات اور حقوق کے معاملے میں کیسا رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی کے رہنماؤں نے ایک وسیع تر مخلوط حکومت کے قیام کے لیے چانسلر میرکل کی پارٹی سے مذاکرات کی حمایت کر دی ہے۔ ستمبر میں ہونے والے انتخابات میں کرسچن ڈیموکریٹک یونین ' سی ڈی یو‘ اور کرسچن سوشل یونین’ سی ایس یو‘ کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ تاہم یونین جماعتیں تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں تھیں۔ ان انتخابات میں دوسرے نمبر پر سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ' ایس پی ڈی‘ رہی۔ اب اگر یہ جماعتیں مل کر حکومت بنا لیتی ہیں تو 631 رکنی جرمن پارلیمان میں اس اتحاد کے حصے میں 504 نشسیتں آئیں گی۔ صرف 127 ارکان حزب اختلاف کی جماعتوں دی لنکے اور گرین پارٹی کے ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ صورتحال مسائل پیدا کرے گی۔ گرین پارٹی اور دی لنکے حکومتی کمیٹیوں کی جانب سے تحقیقات کی درخواست نہیں دی سکیں گی اور حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بھی پیش نہیں کر سکیں گی۔