1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی دہلی میں اسموگ: ’زندگیاں مختصر ہوتی ہوئی‘

عاطف توقیر
12 نومبر 2017

بھارتی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں چھائے دھند اور دھوئیں کے بادلوں کی وجہ سے سانس کے مسائل کے شکار افراد کی تعداد میں کہیں زیادہ اضافہ ہو چکا ہے اور اس سے انسانی زندگی پر انتہائی مضر اثرات پڑ رہے ہیں۔

Indien Neu Delhi Smog
تصویر: Imago/Hindustan Times

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رواں ہفتے نئی دہلی میں شدید دھوئیں اور دھند کے بعد ہسپتالوں میں تنفس کے مسائل سے جڑے مریض اپنے علاج کے لیے انتظار گاہوں میں بیٹھے کھانستے نظر آ رہے ہیں۔

لاہور: ’دھند غیر معمولی اور زہریلی ہے‘

ماحولیاتی کانفرنس کے دن بیجنگ دھند سے مفلوج

کہر یا دھند سے پانی کشید کرنے کا منصوبہ

نئی دہلی کے سرکاری ہسپتال ولبھ بھائی پٹیل انسٹیٹیوٹ کے ڈاکٹروں کے مطابق فضائی آلودگی کی سطح میں رواں ہفتے ڈرامائی اضافے کے بعد یہاں آنے والے مریضوں کی تعداد میں تین گنا اضافہ ہو چکا ہے۔

حکام کے مطابق موسمی حالات اور فصلوں کی کٹائی کے بعد کھیتوں میں بھوسے کو آگ لگا کر جلا دینے کے سیزن کی وجہ سے قریبی علاقوں میں نظام تنفس کی بیماریوں میں شدید اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اس ہسپتال میں زیرعلاج ایک دکان دار منوج کھاتی نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہوں نے ابتدا میں اپنی کھانسی کو عمومی سمجھا مگر وہ رفتہ رفتہ بگڑتی گئی۔ اب ڈاکٹروں نے انہیں بتایا ہے کہ وہ سانس کی بیماری کا شکار ہو چکے ہیں۔ 46 سالہ کھاتی نے بتایا، ’’تین دن تک میری کھانسی بالکل نہ رکی۔ مجھے لگا جیسے میں مر ہی جاؤں گا۔‘‘

نئی دہلی میں’سموگ‘ بیماریوں کا باعث

02:18

This browser does not support the video element.

نئی دہلی کی فضا کو آلودہ کرنے والے مضرصحت ذرات PM2.5 سانس کی نالی کی بندش کا سبب، امراض قلب اور پھیپھڑوں کے سرطان کا باعث بن سکتے ہیں۔ نئی دہلی میں رواں ہفتے ان ذرات کی شرح 500 کی حد عبور کرتی رہی ہے اور رواں ہفتے ایک موقع پر تو یہ شرح 1000 سے بھی اوپر چلی گئی تھی۔ یہ بات اہم ہے کہ ان ذرات کی سطح 300 سے لے کر 500 تک ہو تو اسے ’مضر‘ سمجھا جاتا ہے، جب کہ 500سے اوپر اسے باقاعدہ طور پر ایک ’خطرہ‘ قرار دے دیا جاتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق PM2.5 کی زیادہ سے زیادہ سطح 25 تک قابل برداشت ہے اور اگر کوئی بھی شخص اس سے زائد سطح میں 24 گھنٹوں سے زائد رہے، تو اس کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

’باغوں کا شہر، سموگ کا شہر بن چکا ہے‘

01:46

This browser does not support the video element.

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سانس سے متعلقہ امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں رواں ہفتے غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے اور ان میں سے زیادہ تر کو کھانسی اور سانس کی نالی میں سوزش کی شکایات کا سامنا تھا۔

نئی دہلی کے سر گنگا رام ہسپتال میں سانس کی بیماریوں کے ماہر معالج اروِند کمار کے مطابق اسموگ کی وجہ سے انسانی صحت پر پڑنے والے اصل اثرات کا علم آنے والے برسوں میں ممکن ہو گا، کیوں کہ ایسی آلودگی آپ کو ’آہستہ آہستہ ہلاک‘ کرتی ہے۔

واضح رہے کہ شمالی بھارت اور پاکستان کے متعدد علاقے اس وقت شدید دھوئیں اور دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ پاکستانی شہر لاہور میں بھی فضائی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی دھند ماضی کے مقابلے میں خوف ناک صورت حال اختیار کر چکی ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں