1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی دہلی کی سموگ: سری لنکن کرکٹرز قے کرنے لگے

عابد حسین
3 دسمبر 2017

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اِس وقت گہری سموگ کی لپیٹ میں ہے۔ وہاں بھارتی ٹیم کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوران سری لنکن ٹیم نے خصوصی ماسک پہن کر میچ میں شرکت کی۔ پھر بھی بعض کھلاڑیوں نے ابکائی کرنے کی شکایت کی ہے۔

Indien Neu Delhi  Smog
تصویر: Reuters/A. Abidi

نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلا گراؤنڈ پر بھارت اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کو کھلاڑیوں کی شکایت پر روک دینا پڑا۔ میچ بیس منٹ تک رکا رہا۔ اس دوران ٹیسٹ میچ کی نگرانی کرنے والے دو ایمپائروں نائجل لونگ اور جوئل ولسن نے میچ ریفری ڈیوڈ بُون کے علاوہ گراؤنڈ میں موجود ڈاکٹروں سے بھی اسموگ سے طبیعت کی خرابی پر گفتگو کی۔

سری لنکا کے کھلاڑیوں نے میچ دوبارہ شروع ہونے کے بعد امپائروں سے طبیعت خراب ہونے پر کم از کم دو مرتبہ احتجاج کیا۔ دو کرکٹرز لاہیرو گاماج اور سورانگا لکمال میدان چھوڑ کر پیویلین چلے گئے۔ سری لنکا کو کم کھلاڑیوں کے ساتھ فیلڈنگ کرنا پڑی۔

پاکستان ميں زيادہ ہلاکتيں آلودگی سے ہوتی ہيں يا دہشت گردی سے؟

نئی دہلی میں اسموگ سے شہریوں کی ’زندگیاں مختصر ہوتی ہوئی‘

سموگ میں خطرناک حد تک اضافہ، نئی دہلی میں پرائمری اسکول بند

لاہور کے شہری اتنی تیزی سے بیماریوں کا شکار کیوں؟

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نِک پوتھاز نے بتایا کہ اسموگ نے سری لنکن کھلاڑیوں کی صحت پر مجموعی طور پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں اور انہیں طبیعت میں گرانی کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ قے بھی ہوئی ہیں۔

پوتھاز نے یہ بھی کہا کہ اسموگ کی موجودگی میں کرکٹ کھیلنا انتہائی مضر صحت ہے کیونکہ کھلاڑیوں کے پھیپھڑوں میں سانس کے ساتھ ساتھ مہلک ذرات بھی داخل ہو رہے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ کرکٹ قوانین میں فضائی آلودگی کے حوالے ضابطے موجود نہیں ہیں۔

سری لنکا کی ٹیم کے کھلاڑی سورانگا لکمالتصویر: picture-alliance/AP Photo/E. Jayawardena

پوتھاز نے میڈیا کو بتایا کہ کھلاڑی میدان سے باہر آ کر قے کرتے ہوئے خود انہوں نے دیکھے ہیں۔ پیویلینٓ میں اُن کے لیے خصوصی اکسیجن گیس کے سلنڈر بھی رکھے گئے ہیں۔ کوچ نے تصدیق کی کہ سورانگا لکمال کو مسلسل قے کرنے کی کیفیت کا سامنا ہے۔

سری لنکن ٹیم کے پیویلین میں میچ ریفری ڈیوڈ بون نے جا کر صورت حال کا خود بھی جائزہ لیا۔ پوتھاز پرزور انداز میں اپنے کھلاڑیوں کی علالت کی وکالت کر رہے ہیں۔ میچ ریفری اس صورت حال میں پیر کی صبح میں کوئی فیصلہ کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس صورت حال پر کوئی پریشانی ظاہر نہیں کی ہے۔ بورڈ کے اہلکاروں کا خیال ہے کہ سری لنکن ٹیم نے معمولی سی کیفیت کو ایک بڑے مسئلے میں تبدیل کر دیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی ان منفی حرکات پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کو شکایت کریں گے۔

بھارت اور پاکستان ميں ’سموگ‘ سے نظام زندگی متاثر

02:25

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں