نئی مس امریکا ایک بھارتی نژاد دوشیزہ
17 ستمبر 2013
نینا داوولوری کو اپنی اس جیت کے بعد امریکی سوشل میڈیا پر تند و تیز جملوں اور کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ ناقدین مقابلے کی انتظامیہ کے بھی لتے لے رہے ہیں کہ کیسے ایک غیر امریکی اس اعزاز سے نواز دیا گیا۔
جیسے ہی مس امریکا کے فاتح کے طور پر داوولوری کے نام کا اعلان کیا گیا، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کے خلاف نسلی تعصب پر مبنی بیانات سامنے آنے لگے۔ ٹوئٹر پر کئی لوگ اس بات سے ناراض نظر آئے کہ مس امریکا کا خطاب کسی امریکی نسل کے باشندے کو کیوں نہیں مل سکا۔
امریکی ایک غیر ملکی کے مس امریکا منتخب ہونے پر سخت مضطرب دکھائی دیتے ہیں۔ کئی ٹوئٹر پیغامات میں تو نینا کو عرب اور دہشت گرد تک کہا گیا۔ مس امریکا کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد اپنی پہلی نیوز کانفرنس کے دوران بھی صحافیوں نے ان سے ان کا ردعمل جاننے کی کوشش کی کہ وہ اپنے خلاف ہونے والی تنقید کو کیسے دیکھتی ہیں۔
نینا دیوالوری کا اس ساری صورت حال کے تناظر میں کہنا تھا،’’مجھے ان سب مسائل سے اوپر اٹھنا ہو گا۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’میں نے ہمیشہ سب سے پہلے اپنے آپ کو ایک امریکی کے طور پر دیکھا ہے۔‘‘ داوولوری یہ سمجھتی ہیں کہ یہ اس مقابلے ہی کی خوبصورتی ہے کہ یہ اپنی سو سالہ تاریخ کے دوران کبھی یکسانیت کا شکار نہیں ہوا۔
داوولوری کی عمر چوبیس سال ہے۔ وہ نیویارک کے قریب سیراکوز میں پیدا ہوئیں۔ مقابلہ حسن میں ملنے والی پچاس ہزار امریکی ڈالرز کی خطیر رقم کی مدد سے وہ میڈیکل کالج میں داخلہ لیں گی۔
مقابلہ حسن کے دوران ان کے ’بالی وڈ فیوژن ڈانس‘ کو ان کی ایک اہم صلاحیت کے طور پر دیکھا گیا۔ امریکی ملکہ حسن داوولوری وہ مسلسل دوسری مس نیویارک ہیں، جنہوں نے یہ خطاب اپنے نام کیا۔
بھارت میں موجود داوولوری کے خاندان والوں نے ان کی اس جیت کو اپنے لیے باعث فخر قرار دیا ہے۔ بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں موجود ان کی دادی کا اس حوالے سے کہنا تھا، ’’میں ٹیلی وژن پر اس کی جیت کی خبر سن کر اچھل پڑی۔‘‘
اپنی پوتی کے مستقبل کے ارادوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خاندان میں بہت سے ڈاکٹر ہیں، جو بھارت اور امریکا میں کام کر رہے ہیں۔ اگر نینا ایسا سوچ رہی ہے تو وہ ضرور کامیاب ہو گی۔
داوولوری وہ دوسری ایشیائی نژاد امریکی ہیں، جنہوں نے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ ان سے پہلے سن 2001 میں فلپائن سے تعلق رکھنے والی انجیلا پیرز براقیو بھی مس امریکا کا خطاب حاصل کر چکی ہیں۔