1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئے طریقے کا جراحی چاقو کینسر رسولیوں کے آپریشن کے لیے بہت مفید

Kishwar Mustafa19 جولائی 2013

طبی محققین نے ایک نئے طرز کے جراحی چاقو کی ایجاد کا اعلان کیا ہے۔ اس کی مدد سے جراحوں کو کینسر یا سرطان کی رسولیوں کے آپریشن میں غیر معمولی مدد ملے گی۔

تصویر: dapd

iKnife یا انٹیلیجنٹ نائف نامی یہ چاقو ایک ایسا آلہ ہے جس کی مدد سے رسولیوں کو کاٹنے والے جراحوں کو چند سیکنڈز میں یہ پتہ چل جائے گا کہ کون سے ٹشوز سرطان زا ہیں اور کون سے کینسر سے محفوظ ہیں۔

اس چاقو کی مدد سے 91 انسانوں پر جراحی تجربہ کیا گیا جس کے نتائج 100 فیصد نکلے یعنی تمام 91 مریضوں پر iKnife نامی اس چاقو کی مدد سے کی جانے والی تشخیص انتہائی درست ثابت ہوئی۔ اس تجربے کی کامیابی کے بعد اب یہ آلہ بڑے پیمانے پر جراحی کے عمل میں بروئے کار لایا جا سکے گا اور اسے آپریشن تھیٹروں میں عام استعمال کے لیے رکھا جا سکے گا۔

امریکا کے طبی جریدے ’سائنس ٹرانسلیشنل میڈیسن‘ میں شائع ہونے والی تازہ ترین رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ iKnife نامی یہ چاقو اتنا معتبر ثابت ہوا ہے کہ اب اسے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا سکے گا‘۔

چھاتی کے سرطان کی تشخیص کے لیے میموگرافی ٹیسٹ لازمی ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

iKnife نامی جراحی کا یہ آلہ mass spectrometry کی مدد سے اُس سرجیکل اسموک کا معائنہ کرتا ہے جو تبخیری ٹشوز یا مائع سے گیس کی حالت میں تبدیل ہونے والے ٹشوز سے آتا ہے۔ iKnife کی مدد سے سرجن کو تین سیکنڈز میں یہ پتہ چل جاتا ہے کہ ٹشو میں سرطان یا کینسر پایا جاتا ہے یا نہیں۔

mass spectrometry کمیتی طیف پیمائی کو کہتے ہیں جس میں نہایت ننھے ننھے اجزاء، سالمان اور آئن کی کمیت کا تناسب ماپا جاتا ہے۔ برطانیہ اور ہنگری سے تعلق رکھنے والے محققین نے کہا ہے کہ جراحی، خاص طور سے سرطان زا رسولیوں کے آپریشن میں استعمال ہونے والی دیگر جدید تکنیک اس کے مقابلے میں مہنگی پڑتی ہے اور اکثر ناقص اور ادھورے نتائج پیش کرتی ہے۔ مثال کے طور پر جسم کے کسی بھی عُضو سے جراحی کے ذریعے علیحدہ کیے گئے ٹشوز کو معائنے کے لیے لیباریٹری بھیجا جاتا ہے۔ اس کے نتائج آنے میں 20 سے 30 منٹ لگ جاتے ہیں۔

اس مطالعاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روٹین کے کلینیکل کاموں میں اب تک کوئی ایسی ٹیکنالوجی موجود نہیں تھی جو کینسر ٹشوز کو صاف کرنے یا کاٹنے کے عمل میں سرجن کی اس طرح مدد کر سکے کہ اُسے دوران جراحی یہ پتہ چل جائے کہ کون سے ٹشوز میں کینسر کے اثرات پائے جاتے ہیں اور کس میں نہیں۔ اس طرح جراح کینسر کے مریضوں کی تیر بہ ہدف جراحی کر سکتا۔

کینسر کی تشخیص جتنی جلدی ہو جائے علاج اتنا مؤثر ہو سکتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

صرف برطانیہ میں ہر سال کینسر کے تین لاکھ نئے کیسز سامنے آتے ہیں اور ان کے علاج کے لیے 1.8 ملین آپریشن کیے جاتے ہیں۔

اس جراحی آلے کا تجربہ 302 مریضوں کے ٹشوز کے نمونوں پر کیا گیا۔ یہ ٹشوز مختلف اقسام کے کینسر کی رسولیوں سے لیے گئے تھے۔ ان میں معدے، قولون یا بڑی آنت، پھیپھڑوں، چھاتی اور دماغ کے کینسر کی رسولیاں شامل ہیں۔

نیو یارک میں قائم بروک ڈیل یونیورسٹی ہسپتال اور میڈیکل سینٹر کے سابق چیئرمین رچرڈ فوگلر نے کہا ہے کہ iKnife خاص طور سے پلاسٹک سرجری کرنے والے جراحوں کے لیے مدد گار ثابت ہوگا اور سر اور گردن کے ٹیومرز کو کاٹ کر نکالنے کے عمل میں بھی نہایت مؤثر ثابت ہو گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں