1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’نامعلوم افراد‘ کے بعد اب ’ایکٹر ان لاء‘

عاطف بلوچ3 اگست 2016

سن دو ہزار چودہ میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’نامعلوم افراد‘ کی شان دار کامیابی کے بعد اب اسی فلم کی ٹیم نئی فلم ’ایکٹر ان لاء‘ سے بھی امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے۔ توقع ہے کہ یہ فلم بھی باکس آفس پر تہلکہ مچا دے گی۔

Filmstill - Na Maloom Afraad
تصویر: Film Wala Pictures

پاکستان میں دور حاضر کے معروف فلمی ستارے فہد مصطفیٰ اور مہ وش حیات کے علاوہ ’ایکٹر ان لاء‘ میں بھارتی فلم صنعت کے مایہ ناز اداکار اوم پوری بھی جلوہ گر ہوں گے۔

اس فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی کا کہنا ہے کہ یہ فلم بھی پاکستانی سنیما کے احیاء میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے لوگوں کو سنیما گھروں تک لے آئی گی۔

پاکستانی شہر کراچی میں اس فلم کی ٹیم نے جب ’ایکٹر ان لاء‘ کا پہلا ساؤنڈ ٹریک جاری کیا تو وہاں مشہور سنگر عاطف اسلم بھی موجود تھے۔ عاطف اسلم نے بھی اس فلم کے لیے ایک گانا گایا ہے، جو انہوں نے مائیکل جیکسن کے نام کیا ہے۔

’نامعلوم افراد‘ فلم کے باعث پاکستانی فلم صنعت میں کئی نئے چہرے ابھر کر آئے تھے۔ تاہم اس فلم کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ’ایکٹر ان لاء‘ کی خاص بات یہ ہے کہ وہ عاطف اسلم کو ایک مرتبہ پھر پاکستان لے آئے ہیں۔ عاطف اسلم نے پاکستان میں مقبولیت حاصل کرنے کے بعد بھارتی فلم صنعت میں بھی کام کرنا شروع کر دیا تھا۔

’ایکٹر ان لاء‘ کے ساؤنڈ ٹریک جاری کرنے کی تقریب میں مہ وش حیات نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ عاطف اسلم ایک مرتبہ پھر اس فلم کے ذریعے پاکستانی فلم صنعت کا حصہ بنے ہیں۔ اس تقریب میں اس فلم کے موسیقار شانی ارشد، معاون مصنفہ فضا علی مرزا اور احمد علی بٹ نے بھی شرکت کی۔

پاکستان میں بننے والی ایک فلم ’زندہ بھاگ‘ میں بھارتی ادارکار نصیرالدین شاہ نے بھی کام کیا تھا۔ اس فلم نے پاکستان کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر شہرت حاصل کی تھی۔ اب ایک اور بھارتی فلم اسٹار اوم پوری کے پاکستانی فلم میں جلوہ گر ہونے کے باعث ’ایکٹر ان لاء‘ کو بھی اضافی تشہیر ملے گی۔

’نامعلوم افراد‘ ایک ہٹ فلم ثابت ہوئی تھیتصویر: Film Wala Pictures

’ایکٹر ان لاء‘ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ فلم ایک ایسے کردار کے گرد گھومتی ہے جو وکیل ہے لیکن ایکٹر بننے کا شوقین ہے۔ اس نئی فلم میں پانچ گانے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

دو برس قبل ریلز ہونے والی فلم ’نامعلوم افراد‘ میں اہم کردار کرنے والے مقبول پاکستانی اداکار جاوید شیخ کے مطابق ’ایکٹر ان لاء‘ ایک کامیاب فلم ثابت ہو گی کیوں کہ ٹیم نے انتہائی محنت سے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گو وہ اس فلم کا حصہ نہیں ہیں لیکن وہ اس فلم کے ہٹ ہونے کے بارے میں پرامید ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں