نامعلوم پتوں کے نامے
17 جولائی 2013شہر میں ایک طرف دہشت گردی کا خطرہ ہے تو دوسری طرف منزل نامعلوم لیکن پھر بھی محمد رحیم اپنی پرانی سائیکل پر سوار کابل کی تباہ حال، پہاڑی گلیوں اور سڑکوں پر گھومتا پھرتا ہے۔ اسے ڈاکیے کی نوکری کرتے ہوئے دس برس بیت چکے ہیں۔ اس دوران وہ کبھی بھی نہیں گھبرایا۔ اس نے ایسے خطوط کو بھی ان کی منزل پر پہنچانے کی اکثر ٹھانی ہے، جن پر لکھے پتے بالکل ہی جعلی معلوم ہوتے تھے۔
46 سالہ رحیم کہتا ہے، ’’ میرے پاس ایک خط ہے، یہ محمد نعیم نامی ایک شخص کو پہنچانا ہے، جو ڈاکٹر حشمت کے گھر کے پاس رہتا ہے، مجھے پتہ معلوم نہیں ہے، تو آئیے دیکھتے ہیں کہ ہم یہ پتہ کیسے تلاش کرتے ہیں۔‘‘
اُس کے پاس اِس خط کی منزل کو تلاش کرنے کا صرف ایک سراغ ہے اور وہ ہے ڈاکٹر کا نام اور خط کے لفافے کی پشت پر لکھی ہوئی ہدایت، ’’ کارتہ سخی پہاڑی چوٹی عقب وزارت زراعت ۔‘‘
سر پر سیاہ فر کی ٹوپی، نیلی جینز اور بنفشی ٹی شرٹ پہنے رحیم خط پہنچانے کے لیے روانہ ہوتا ہے۔ وہ کابل کی ایک جانی پہچانی شخصیت ہے۔ شہر کے اکثر لوگ اسے جانتے ہیں۔ وہ خط پہنچانے کی جگہ کے قریب پہنچ کر لوگوں سے مدد لیتا ہے۔ ایک دکاندار کو آواز دیتا ہے، ’’ بھائی کیا تم مجھے بتا سکتے ہو ڈاکٹر حشمت کا گھر کہاں ہے۔‘‘ جواب آتا ہے، ’’ سیدھا پہاڑی کے اوپر چڑھ جاؤ، آگے سے دائیں مڑ جانا، ڈاکٹر حشمت کا گھر آجائےگا۔‘‘ وہاں پہنچ کر وہ ایک شخص سے نعیم کے گھر کی بابت سوال پوچھتا ہے۔ وہ شخص کہتا ہے، ’’سیدھا جا کر دائیں مڑنا اور مڑتے ساتھ ہی بائیں ہاتھ پر تیسرا گھر محمد نعیم کا ہے۔ ‘‘ رحیم مطلوبہ جگہ پر پہنچ کر دستک دیتا ہے، اندر سے محمد نعیم کی بیوی نکلتی ہے اور خط وصول کر لیتی ہے۔
محمد نعیم کی 40 سالہ بیوی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’ ہمارے گھر امریکا، جرمنی، کینیڈا اور پاکستان سے خطوط آتے ہیں۔ ڈاکیے بروقت اور بحفاظت یہ خطوط ہم تک پہنچا دیتے ہیں۔‘‘
رحیم ہر روز درجنوں خطوط دارالحکومت کابل کے مغرب اور جنوب مغرب میں پہنچاتا ہے۔ اس شہر کا بیشتر حصہ سن 1992تا 1996جاری رہنے والی خانہ جنگی کے بعد کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا تھا۔ اب یہاں آبادی تیزی سے بڑھنا شروع ہوگئی ہے۔ ملک کے دیگر حصوں سے لوگ روزگار کی تلاش میں اس شہر کا رخ کر رہے ہیں۔
وہاں پتوں کو لے کر پیدا ہونے والی مشکلات اب ماضی کا حصہ بن جائیں گی۔ ملک کی مرکزی وزارت مواصلات نے شہری حکومت کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے مطابق شہر کی ہر گلی اور گھر کی جدید اصولوں کے مطابق ’کوڈنگ‘ کی جائے گی اور یہ عمل دوسال میں مکمل ہوجائے گا۔ مشکلات میں گھرے محکمہ ڈاک کے ملازمین پر امید ہیں کہ ڈاک کا نیا نظام آجانے سے ان کا کام بہت آسان ہوجائے گا۔