1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
قانون کی بالادستیجرمنی

’نامکمل، جعلی دستاویزات کے باوجود جرمن ویزے‘: چھان بین شروع

27 جون 2024

جرمن دفتر استغاثہ نے وفاقی جرمن دفتر خارجہ کے کچھ اہلکاروں کے خلاف چھان بین شروع کر دی ہے۔ اس کا سبب ایک ایسی حالیہ رپورٹ بنی جس کے مطابق نامکمل اور جعلی دستاویزات والے غیر ملکیوں کو بھی دانستہ جرمن ویزے جاری کیے گئے۔

اس چھان بین کی وجہ مبینہ نامکمل دستاویزات کے باوجود غیر ملکیوں کو جرمنی کے ویزے جاری کیے جانا ہے
اس چھان بین کی وجہ مبینہ نامکمل دستاویزات کے باوجود غیر ملکیوں کو جرمنی کے ویزے جاری کیے جانا ہےتصویر: Anna Tolipova/picture alliance

جرمن دارالحکومت برلن سے جمعرات 27 جون کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق برلن میں فیڈرل پراسیکیوٹرز آفس اور وفاقی ریاست برانڈنبرگ کے شہر کوٹبس میں وفاقی دفتر استغاثہ کی مقامی شاخ دونوں نے تصدیق کر دی ہے کہ ان کے تفتیشی ماہرین جرمن فارن آفس کے کچھ اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں۔

جرمنوں سے شادیاں کرنے والے غیر ملکیوں کے لیے ویزوں سے انکار

برلن اور کوٹبس میں فیڈرل پراسیکیوٹر کے دفاتر کے ترجمانوں نے یہ تصدیق تو کر دی کہ وفاقی دفتر خارجہ کے کچھ اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تاہم اس موضوع پر مزید کچھ بھی کہنے سے اس دلیل کے ساتھ انکار کر دیا گیا کہ 'تفتیشی عمل کو تحفظ دیا جا سکے اور اہم معلومات کے ممکنہ افشا کے باعث یہ کارروائی کسی بھی طرح متاثر نہ ہو‘۔

جرمن جریدے فوکس کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی دفتر خارجہ کے چند اہلکاروں نے بیرون ملک سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو ’حکم‘ دیا تھاتصویر: Yurttas Cemal/Demiroren Visual Media/ABACA/picture alliance

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ اس تفتیش کا تعلق اس رپورٹ سے ہے، جو حال ہی میں ایک مؤقر ہفت روزہ جریدے 'فوکس‘ میں شائع ہوئی تھی۔ اس جریدے نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کی سربراہی میں کام کرنے والے جرمن دفتر خارجہ کے بارے میں شبہ ہے کہ اس کے اہلکاروں نے بیرون ملک جرمن سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو یہ اختیار دے دیا تھا کہ وہ جرمنی کے ویزے کے درخواست دہندگان کے کاغذات نامکمل اور چند واقعات میں بظاہر جعلی ہونے کے باوجود انہیں ویزے جاری کر دیں۔ اس کا مقصد بظاہر یہ تھا کہ یوں ایسے درخواست دہندگان کو جرمنی میں داخل ہونے کا موقع مل سکے۔

جرمنی: کریملن ناقدین روسی شہریوں کے لیے ویزا ضابطوں میں نرمی

ہفت روزہ جرمن جریدے فوکس نے اپنی اس رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ نامکمل اور بظاہر جعلی دستاویزات جمع کرانے والے غیر ملکی امیدواروں کو جرمنی کے ویزے جاری کیے جانے کا دفتر خارجہ کے چند اہلکاروں کی طرف سے جو مبینہ 'حکم‘ دیا گیا تھا، اس کے نتیجے میں گزشتہ پانچ سال کے دوران ہزاروں غیر ملکیوں کو جرمنی میں داخل ہونے کا موقع ملا۔

برلن میں وفاقی جرمن دفتر خارجہ کی عمارتتصویر: Sascha Steinach/dpa/picture-alliance

یورپ میں ویزا لے کر آنے والے بھی پناہ کے درخواست دہندگان

جرمن دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق برلن اور کوٹبس میں وفاقی استغاثہ کے دفاتر کے اہلکار جن کیسز کی چھان بین کر رہے ہیں، ان میں سے تین ایسے انفرادی واقعات ہیں، جو پہلے ہی سے دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام کے علم میں تھے اور جن کا تعلق جرمنی میں داخلے کے لیے استعمال کی جانے والی دستاویزات سے ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ وفاقی دفتر خارجہ نے اپنے علم میں آنے کے بعد ان واقعات پر بلاتاخیر معمول کے سرکاری انتظامی اقدامات کیے تھے۔

م م / ک م (ڈی پی اے، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں