نایاب پانڈا کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش، برلن میں خوشی
2 ستمبر 2019
جرمنی کے شہر برلن کا چڑیا گھر پانڈا کے جڑواں بچوں کی پیدائش کا جشن منا رہا ہے۔ جرمنی میں پہلی بار ان نایاب ممالیہ جانوروں نے جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے۔
اشتہار
برلن کے چڑیا گھر کی انتظامیہ نے پیر کے روز اعلان کیا کہ مادہ پانڈا مینگ مینگ نے ہفتے کی صبح چھ بج کر چون منٹ پر گلابی رنگ کے جڑواں بچوں کو جنم دیا۔ یہ پیدائش کے وقت اتنے چھوٹے تھے کہ انہیں آسانی سے ہتھیلی پر اٹھایا جا سکتا تھا۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق 6 سالہ مادہ پانڈا مینگ مینگ نے پیدائش کے فوری بعد ہی ممتا کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان ننھے بچوں کو اپنے پیٹ پر رکھ کر اپنے بڑے بڑے پنجوں، گرم سانسوں اور نرم کھال کے ذریعے گرمائش پہنچائی۔ چڑیا گھر میں جانوروں کی دیکھ بھال پر مامور افراد نے گزشتہ ہفتے ہی مینگ مینگ کے حاملہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔
اپریل میں مینگ مینگ نے 9 سالہ ژیاؤ چنگ کے ساتھ ملاپ کیا تھا اور حمل کے امکان کو بڑھانے کے لیے مصنوعی فرٹیلائزیشن کا بھی استعمال کیا گیا تھا۔
یون سن 2017 میں پانڈا کی ایک جوڑی کو ایک ملین یورو کے عوض چین سے ادھار لیا گیا تھا۔ ان جوڑی میں مینگ مینگ مادہ اور ژیاؤ چنگ نر پانڈا ہے۔ یہ جرمنی کے کسی بھی چڑیا گھر میں پانڈوں کی واحد جوڑی ہے۔
عمر رسیدہ ترین پانڈا کی سالگرہ
’جیا جیا‘ ہانگ کانگ کے اوشن پارک کی اصل کشش ہے، یہ اور بات ہے کہ خود اُسے اس بات کا علم نہیں ہے کہ وہ دنیا کی سب سے زیادہ عمر کی پانڈا کے طور پر گِنیس بُک آف ورلڈ ریکارڈز کا حصہ بننے والی ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/P. Lopez
ہانگ کانگ میں بڑا جشن
’جیا جیا‘ کی سینتیس ویں سالگرہ منگل اٹھائیس جولائی کو منائی گئی۔ اس موقع پر اُس کے لیے آئس کریم سے بنے ایک کیک کا اہتمام کیا گیا اور اُسے پھلوں کا رَس پیش کیا گیا۔ سالگرہ کے موقع پر گِنیس بُک آف ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے ایک جج بھی موجود تھے، جنہوں نے ’متاثر کن لمبی عمر‘ کے لیے ’جیا جیا‘ کو مبارک باد دی۔ ’جیا جیا‘ کا مطلب ہے، ’اچھی‘۔
تصویر: Getty Images/AFP/P. Lopez
ہیپی برتھ ڈے جیا جیا ... لیکن کب؟
’جیا جیا‘ کی پیدائش چین میں ہوئی لیکن کوئی بھی یہ نہیں جانتا کہ کب۔ وجہ یہ ہے کہ اس پانڈا کو جنگل سے پکڑا گیا تھا۔ 1999ء میں برطانیہ کی جانب سے ہانگ کانگ کی چین کو واپسی کی دوسری سالگرہ کے تحفے کے طور پر ’جیا جیا‘ کو ایک اور پانڈا کے ہمراہ ہانگ کانگ کے حوالے کیا گیا تھا۔
تصویر: R. Rahman/AFP/Getty Images
بڑی عمر کے روگ بھی ساتھ ساتھ
’جیا جیا‘ کے ڈاکٹر مجموعی طور پر اُس کی صحت کے حوالے سے مطمئن ہیں۔ جانوروں کے ڈاکٹر پاؤلو ماٹیلی کے مطابق ’جیا جیا کی صحت میں کچھ اُتار چڑھاؤ آتے رہے ہیں لیکن وہ ہر بار صحت یاب ہو جاتی رہی ہے اور اپنی عمر کے اعتبار سے اُس کی صحت حیرت انگیز طور پر اچھی ہے‘۔ اس مادہ پانڈا کی نظر اور سماعت البتہ کمزور ہو چکی ہے اور اُسے باقاعدگی کے سا تھ ہائی بلڈ پریشر اور جوڑوں کے درد کی دوائیں دی جاتی ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Morrison
شہرت میں کوئی دلچسپی نہیں
اَسّی کلوگرام وزنی’جیا جیا‘ کے چاہنے والے بھی بہت ہیں لیکن خود اُسے اس بات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اس بزرگ ریچھنی کو متجسس نظریں بالکل پسند نہیں ہیں۔ وہ اُن جگہوں پر شوق سے نہیں جاتی، جہاں وہ دیکھنے والوں کی نظروں میں آسانی سے آ جاتی ہو۔ وہ اپنا زیادہ تر وقت اپنے پنجرے کے عقبی حصے میں گزارتی ہے، وہاں جہاں بانسوں اور پتوں کے ذخائر پڑے ہوتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Morrison
’جیا جیا‘ بمقابلہ ’ڈُو ڈُو‘
اپنی بزرگی کے ریکارڈ کے ساتھ ’جیا جیا‘ نے ماضی میں اس ریکارڈ کے حامل پانڈا ’ڈُو ڈُو‘ کو گِنیس بُک سے چلتا کر دیا ہے۔ اوشن پارک کے ڈائریکٹر گرانٹ آبل کے مطابق ’پانڈا عام طور پر اس عمر کو پہنچ ہی جاتے ہیں، اگر ’جیا جیا‘ کوئی انسان ہوتی تو اس کی عمر ایک سو سال سے زیادہ ہوتی‘۔ ’جیا جیا‘ کی دیکھ بھال کرنے والے اس کی سالگرہ کے بعد اس ریکارڈ کے سلسلے میں بھی ایک درخواست گِنیس بُک کو بھیجنا چاہتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Morrison
پانڈا ریچھوں کی آبادی میں اضافہ
پانڈا ریچھوں کا اصل وطن جنوب مغربی چین ہے۔ وہاں کھلے جنگل میں بسنے والے ان ریچھوں کی آبادی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ چینی محکمہٴ جنگلات کے مطابق 2013ء کے اواخر میں چین میں بڑے پانڈا ریچھوں کی تعداد 1864 تھی، دَس سال پہلے کے مقابلے میں 268 زیادہ۔ آبادی میں اس اضافے کی بڑی وجہ قدرتی ماحول کے تحفظ کی کوششیں ہیں۔
تصویر: picture alliance/dpa/Chinafotopress/Li Wei
6 تصاویر1 | 6
2017ء میں جرمنی میں جی ٹوئنٹی سربراہ کانفرنس بھی منقعد ہوئی تھی۔ اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے مل کر برلن کے اس چڑیا گھر کا دورہ کرتے ہوئے پانڈا کے اس جوڑی کو بھی دیکھا تھا۔
اس پانڈا جوڑی کو برلن لانے کا مقصد ان کی افزائش نسل تھا۔ افزائش نسل کی یہ کوششیں گزشتہ دو برس سے جاری تھیں، اس سلسلے میں جانوروں کے ڈاکٹر اور چینی ماہرین حیاتیات کی بھی مدد لی گئی تھی۔
م ش ع ا
برلن کے چڑیا گھر میں پانڈا جوڑے کی شاندار رہائش گاہ