جنیوا میں ایک نیلامی کے دوران دنیا میں اپنی رنگت اور بناوٹ کے لحاظ سے نایاب گلابی ہیرا پچاس ملین ڈالر کے عوض خرید لیا گیا ہے۔ فی قیراط قیمت کے لحاظ ہے یہ دنیا میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔
اشتہار
’دا پِنک لےگیسی‘ نامی یہ ہیرا کسی زمانے میں ’اوپن ہائمر خاندان‘ کی ملکیت ہوتا تھا۔ یہ خاندان ہیرے تلاش کرنے والی ایک کمپنی کا مالک تھا۔ اب یہ ہیرا امریکی لگژری برینڈ ہیری وِنسٹن کے پاس چلا گیا ہے، جو سوئٹرز لینڈ کے مشہور ادارے ’سوئس سواچ گروپ‘ کا حصہ ہے۔ یورپ کے مشہور نیلام گھر کرسٹیز کے سربراہ فرانکوئس کوریل کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’فی قیراط دو اعشاریہ چھ ملین ڈالر ادا کیے گئے ہیں۔ گلابی ہیروں کی دنیا میں فی قیراط قیمت کے حوالے سے یہ ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔‘‘ اس میں فیس اور کمیشن بھی شامل ہیں۔
کوریل کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہنا تھا، ’’یہ پتھر میرے لیے ہیروں کا لیونارڈو داوینچی ہے۔‘‘ تقریبا انیس قیراط کا یہ قیمتی ہیرا ایک صدی پہلے جنوبی افریقہ کی ایک کان سے ملا تھا، جسے سن انیس سو بیس کی دہائی میں تراشا گیا تھا اور اس کے بعد سے اسے تبدیل نہیں کیا گیا۔
اس نایاب ہیرے کی خریداری کے فورا بعد ہی اسے ’ونسٹن پِنک لےگیسی‘ کا نام دے دیا گیا ہے۔ کرسٹیز انٹرنیشنل کے جیولری ہیڈ راہول کاڈاکیا کا اس حوالے سے کہنا تھا، ’’یہ دنیا کے سب سے بہترین ہیروں میں سے ایک ہے۔‘‘
درجہ بندی کے لحاظ سے یہ نایاب ہیرا ’فینسی وِیوِڈ‘ درجے کا حامل ہے۔ یہ درجہ رنگ کی شدت اور ہیرے کے اعلیٰ ترین معیار کو دیکھتے ہوئے ہی دیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال ہیرے کی کانوں سے جتنے بھی ہیرے نکلتے ہیں، ان میں سے محض ایک فیصد قیمتی پتھر ہی گلابی رنگ کے ہوتے ہیں اور زیادہ تر گلابی ہیروں کا وزن ایک قیراط سے کم ہی ہوتا ہے۔
ا ا / ش ح (اے ایف پی)
ہیرے: افریقہ کی خوش قسمتی بھی اور بدقسمتی بھی
حال ہی میں ایک غیر تراشیدہ ہیرے کی قیمت 7.7 ملین ڈالر لگائی گئی۔ سیرا لیون حکومت کو یہ ہیرا بطور عطیہ ملا تھا لیکن اسے کم قیمت لگنے کی وجہ سے فروخت نہیں کیا گیا۔ جانیے دنیا کے سب سے بڑے اور قیمتی ترین ہیروں کے بارے میں۔
تصویر: picture alliance/AP Photo
سیرالیون کے لیے ایک نعمت؟
ایمانوئل ماموح پیشے کے اعتبار سے ایک پادری ہیں لیکن اپنے فارغ اوقات میں وہ کان کنی بھی کرتے ہیں۔ مارچ میں ایمانوئل کو 706 قیراط کا ایک ہیرا ملا تھا، جسے انہوں نے حکومت کے حوالے کر دیا تھا۔ اس کی قیمت 7.7 ملین ڈالر لگی ہے لیکن کم قیمت کی وجہ سے آئندہ ہفتوں کے دوران بیلجیم میں اسے دوبارہ نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔
تصویر: picture alliance/AP Photo
سیرالیون کا ستارہ
1972ء میں سیرالیون میں ایک بڑا ہیرا دریافت ہوا تھا۔ ’سیرالیون کا ستارہ‘ نامی اس غیر تراشیدہ ہیرے کا مجموعی وزن 969 قیراط تھا اور اسے 17 حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہیروں کی دولت سے مالا مال اس ملک کا شمار دنیا کے غریب ترین ملکوں میں ہوتا ہے۔ ہیروں کی غیرقانونی تجارت اس ملک میں خانہ جنگی کی وجہ بنی اور اس دوران ہزارہا لوگ موت کے منہ میں چلے گئے۔
تصویر: Imago/ZUMA/Keystone
بوٹسوانا: قیمتی ترین ہیروں کی دنیا
اگر قیمتی ترین اور بڑے ہیروں کی بات کی جائے تو بوٹسوانا پہلے نمبر پر آتا ہے۔ یہاں سے 1,111 قیراط کا ہیرا دریافت ہوا، جو ایک ٹینس بال جتنا بڑا تھا۔ یہ دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ہیرا ہے۔ اسی کان میں سے بعدازاں مزید دو بڑے اور اعلیٰ معیار کے ہیرے ملے تھے۔
دنیا کا مہنگا ترین ہیرا ساؤتھ افریقہ سے ملا۔ ’’پِنک اسٹار‘‘ نامی یہ ہیرا 71,2 ملین ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ 132.5 قیراط کے اس ہیرے کو تراشنے میں دو سال لگے۔ اب 59.6 قیراط کے اس گلابی ہیرے کو دنیا کا نفیس ترین ہیرا قرار دیا جاتا ہے۔
تصویر: Reuters
ہیرے خواتین کے بہترین دوست
اداکارہ الزبتھ ٹیلر دلفریب اور چمکدار ہیروں سے محبت کی وجہ سے مشہور تھیں۔ 2011ء میں ان کی وفات کے بعد ان کا ایک نیکلیس سیٹ 140 ملین ڈالر میں فروخت ہوا۔ حالیہ چند برسوں میں ہیروں کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور ان کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ بڑھتی ہوئی قیمتیں افریقہ کے لیے امید کی کرن ہیں۔
تصویر: picture alliance/dpa/C. Melzer
گلیمر اور عیش و آرام سے دور
ہیروں کی تلاش میں یہ غریب کارکن زمبابوے کی کانوں میں بیلچوں اور ہاتھوں سے زمین کھودنے میں مصروف ہیں۔ انہیں ہمیشہ یہ امید رہتی ہے کہ کوئی ایک ہیرا انہیں غربت کی دلدل سے نکال دے گا۔ لیکن ایسے خوش قسمت زیادہ تر وہ ثابت ہوتے ہیں، جو بڑی بڑی مشینوں اور بڑے سرمائے کے ساتھ وہاں کان کنی میں مصروف ہیں۔