1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نا اہلی پر دو امریکی جنرل برطرف

ندیم گِل1 اکتوبر 2013

امریکی میرین کور کی کمان نے دو فوجی جنرلوں کو برطرف کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ افغانستان میں نیٹو کے ایک بڑے اڈے پر گزشتہ برس ہونے والے طالبان کے ایک حملے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

Camp Bastion, Afghanistan
تصویر: picture alliance/AP Photo

میرین کور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میجر جنرل چارلس گرگنس اور میجر جنرل گریگ سٹرڈیوانٹ کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں جنرل فوجی اڈے کو شدت پسندوں کے ممکنہ حملے سے بچانے کے لیے مناسب کارروائی کرنے میں ناکام رہے تھے۔

حکام کے مطابق ویت نام کی جنگ کے بعد کسی امریکی جنرل کو نا اہلی کی بنیاد پر برطرف کرنے کا یہ پہلا موقع ہے۔

یہ حملہ افغانستان کے ایک جنوبی علاقے میں قائم کیمپ باسچن پر گزشتہ برس 14-15ستمبر کو ہوا تھا۔ اس حملے میں دو میرین ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے جبکہ چھ AV-8B ہاریئر فائٹر جیٹ تباہ ہوئے تھے۔

میرین کور کے سربراہ جنرل جیمس آموس نے ان جنرلوں کے خلاف تفتیش کی توثیق کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ افغانستان سے فوجیوں کے انخلاء کے تناظر میں میرینز کو درپیش چیلنج سے آگاہ ہیں لیکن ایک کمانڈر کی ذمہ داریوں کا تعین کرنے والے ’وقت کی قید سے آزاد اصولوں سے مخلص رہنا‘ ان کا فرض تھا۔

طالبان نے کیمپ باسچن پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھیتصویر: SITE Intelligence Group/AP/dapd

ان کا کہنا تھا کہ ذمہ داری اور احتساب کمانڈر شپ کے مقدس اصول ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آموس نے دونوں جنرلوں سے ریٹائر ہونے کے لیے کہا ہے۔

انہوں نے نیوی کے سیکرٹری سے سفارش کی ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کے لیے گرگنس کی نامزدگی منسوخ کر دی جائے اور سٹرڈیوانٹ کی تحریری سرزنش کی جائے۔

آموس نے یہ بھی کہا ہے کہ ان افسروں کے خلاف ضابطے کی کارروائی پر انہیں انتہائی دُکھ پہنچا ہے جنہیں وہ دوست سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’میرین کور کے سربراہ کی حیثیت سے یہ فیصلہ میرے لیے مشکل ترین رہا ہے۔‘‘

آموس نے کہا کہ ریجنل کمانڈ ساؤتھ ویسٹ کے سربراہ کی حیثیت سے بیس کی قیادت گرگنس کے ہاتھوں میں تھی اور وہاں تعینات اہلکاروں اور آلات کی حتمی ذمہ داری ان پر ہی عائد ہوتی ہے۔

میرین کور کے بیان کے مطابق آموس کا کہنا ہے کہ گرگنس نے دشمن کے ارادوں اور صلاحیتوں کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کرنے میں غلطی کی۔ خیال رہے کہ افغانستان میں تعینات غیرملکی فوجیوں کا انخلا 2014ء کے آخر تک طے ہے۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں