1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہاٹلی

نرس بن کر بچہ چرانے والی خاتون گرفتار

22 جنوری 2025

جنوبی اطالوی شہر کوزنسا کے ایک ہسپتال سے اغوا کیا گیا ایک نوزائیدہ بچہ بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ ایک خاتون نے نرس کا بھیس بدل کر یہ واردات سر انجام دی تھی۔

Ukraine I Neujahrs-Baby in Kiew
بتایا گیا ہے کہ اس واردات میں اس خاتون کا شوہر بھی ملوث تھا، فائل فوٹوتصویر: Emmanuelle Chaze/DW

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے اطالوی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک خاتون نے خود کو نرس ظاہر کرتے ہوئے ایک نوزائیدہ بچے کو اغوا کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس واردات میں اس خاتون کا شوہر بھی ملوث تھا۔

پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی اور اسی روز شام کے وقت اغوا کاروں کو تلاش کر کے حراست میں لے لیا اور بچے کو بحفاظت اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق بچہ مبینہ طور پر اپنی ماں اور دادی کے ساتھ ہسپتال کے کمرے میں تھا، جب ایک خاتون نرس کا بھیس بدل کر نوزائیدہ  کو طبی معائنے کے لیے لے گئی۔

پاکستان میں انسانوں کی اسمگلنگ: اغوا اور پھر جبری مشقت

03:03

This browser does not support the video element.

جب کچھ دیر تک وہ واپس نہ آئی تو بچے کے والدین نے ہسپتال انتظامیہ کو مطلع کر دیا۔ پھر پولیس بلوائی گئی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اغوا کاروں کی شناخت کر لی گئی۔

 پولیس نے کوزنسا شہر سے نکلنے والے تمام راستوں کو بند کر دیا جبکہ کئی گھنٹوں کے سرچ آپریشن کے بعد اس خاتون اور اس کے شوہر کو بچے سمیت ڈھونڈ نکالا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ یہ جوڑا بچے کو شہر سے باہر لے جانے کی کوشش میں تھا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کئی ماہ سے حاملہ ہونے کا ڈرامہ کر رہی تھی اور اس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جھوٹا اعلان کیا تھا کہ اس نے بچے کو جنم دیا ہے۔

پولیس نے اس جوڑے کے اپارٹمنٹ پر بھی چھاپہ مارا، جہاں نوزائیدہ بچے کے لیے استقبالیہ پارٹی کے لیے سجاوٹ بھی کی گئی تھی۔

ع ب/ا ب ا (ڈی پی اے، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں