1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نریندر مودی جرمنی میں: میرکل سے کابینہ کی سطح پر مذاکرات آج

مقبول ملک اے ایف پی
30 مئی 2017

بھارتی وزیر اعظم مودی نے اپنی کابینہ کے کئی وزراء کے ساتھ جرمنی کا دو روزہ سرکاری دورہ شروع کر دیا ہے۔ وہ آج منگل کے روز چانسلر میرکل سے ملاقات کر رہے ہیں، جس دوران دونوں ممالک کے مابین کابینہ کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔

Deutschland Meseberg - Angela Merkel trifft auf Premierminister Modi
تصویر: Reuters/F. Bensch

جرمن دارالحکومت برلن سے منگل تیس مئی کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق اپنے کئی ملکی دورہء یورپ کے آغاز پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کل پیر انتیس مئی کی شام سے جرمنی میں ہیں۔ ان کا یہ دورہ دونوں ریاستوں کے مابین حکومتی سطح پر مشاورت کے سلسلے کی ایک کڑی ہے اور اسی لیے آج برلن میں جب مودی جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کریں گے تو ان دونوں رہنماؤں کے ساتھ دونوں ملکوں کی حکومتوں کے کئی وزیر بھی اس بات چیت میں حصہ لیں گے۔

اے ایف پی کے مطابق جرمنی یورپی یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہونے کے علاوہ یورپ کی سب سے بڑی اقتصادی طاقت بھی ہے اور اسی لیے اسے یورپ کا پاور ہاؤس بھی کہا جاتا ہے۔ دوسری طرف بھارت دنیا میں آبادی کے لحاظ سے دوسرا سب سے بڑا ملک ہے، جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت بھی ہے۔

مودی کا دورہء جرمنی: یورپ سے آزاد تجارتی معاہدہ بھی ایجنڈے پر

جرمن چانسلر بھارت میں انسانی حقوق کے لیے کھڑی ہوں، پیپلز واچ

بھارتی وزیر اعظم مودی کا دورہ جرمنی

برلن اور نئی دہلی کے مابین تجارتی تعلقات بھی بڑے گہرے اور متنوع ہیں اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ جرمنی یورپی یونین میں بھارت کا سب سے اہم تجارتی ساتھی ملک ہے۔ اس تناظر میں بھارتی وزیر اعظم مودی اور ان کی کابینہ کے کئی وزراء کی آج جرمن چانسلر میرکل اور ان کی کابینہ کے متعدد وزراء کے ساتھ بات چیت میں دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے مزید فروغ ہی کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل رہے گی۔

تصویر: Reuters/F. Bensch

مودی اور میرکل آج کی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے، جس کے بعد جرمن بھ‍ارتی حکومتی سربراہان مل کر دونوں ملکوں کے سرکردہ کاروباری رہنماؤں کے ایک اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

اس دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی پوری کوشش ہو گی کہ بھارت کی یورپی یونین کے ساتھ ایک آزاد تجارتی معاہدہ طے کرنے کی دیرینہ خواہش کے پیش نظر اب اس معاملے میں کوئی ٹھوس پیش رفت ہونا چاہیے اور میرکل برسلز میں یورپی سطح پر بھی اس حوالے سے اصولی بنیادوں پر بھارت کے حق میں راہ ہموار کریں۔

اے ایف پی نے مزید لکھا ہے کہ اس دورے کے دوران نریندر مودی اور انگیلا میرکل جس انڈیا جرمن بزنس سمٹ سے خطاب کریں گے، اس میں شریک کئی بڑے جرمن کاروباری اداروں کی اعلیٰ شخصیات کی طرف سے یہ اعلانات بھی کیے جائیں گے کہ یہ ادارے بھارت میں مزید سرمایہ کاری کریں گے۔

مودی کے اس دورے کا بھارت میں بیرونی سرمایہ کاری بھی ایک اہم مقصد ہے کیونکہ نریندر مودی زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھارت بلا کر اپنی ’میک اِن انڈیا‘ اقتصادی پالیسی کو ہر ممکن حوالے سے کامیاب بنانا چاہتے ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں