1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مودی کے متعلق بی بی سی کی دستاویزی فلم 'پروپیگنڈا' ہے، بھارت

جاوید اختر، نئی دہلی
20 جنوری 2023

بھارتی وزارت خارجہ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے متعلق بی بی سی کی دستاویزی فلم کو پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔ جبکہ بی بی سی کا کہنا ہے کہ فلم جامع تحقیقات پر مبنی ہے۔

Usbekistan Samarkand | SOC GIpfeltreffen - Narendra Modi
تصویر: Sergei Bobylev/Sputnik/Kremlin Pool Photo/AP/picture alliance

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باغچی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے متعلق برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی دستاویزی فلم کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ اس فلم میں سن 2002 میں گجرات کے مسلم کش فسادات میں اس وقت کے ریاستی وزیر اعلیٰ نریندر مودی کے کردار پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

ان فسادا ت میں 2000 سے زائد افراد مارے گئے تھے، جن میں بیشتر مسلمان تھے۔ ریاست کے گودھرا میں ایک ٹرین میں آگ لگنے کے واقعے، جس  میں 59 ہندو یاتریوں کی موت ہو گئی تھی، کے بعد فسادات پھوٹ پڑے تھے۔

 ہندو قوم پرست جماعت بی جے بی اور وزیر اعظم نریندر مودی گجرات فسادات کو روکنے میں ناکامی کے الزامات کی ہمیشہ تردید کرتے رہے ہیں۔ ایک عدالتی انکوائری کے بعد بھارتی سپریم کورٹ نے سن 2012 میں انہیں الزامات سے بری کردیا تھا۔ اور ان کی بریت کے خلاف چیلنج کرنے والی درخواست بھی گزشتہ برس عدالت عظمی نے مسترد کردی تھی۔

گجرات فسادات میں مودی کو کلین چٹ کی اب سپریم کورٹ سے بھی تصدیق

بی بی سی کی مذکورہ دستاویزی فلم پر ان دنوں بھارت میں خاصی بحث ہو رہی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے گذشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "اس دستاویزی فلم میں تعصب، حقائق کی کمی اور نوآبادیاتی ذہنیت واضح طور پر نظر آتی ہے۔"

اریندم باغچی نے مزید کہا کہ ہمیں اس عمل کے مقصد اور اس کے پس پشت ایجنڈے کے بارے میں حیرت ہے اور ہم اس طرح کی کوششوں پر تبصرہ کرکے اسے باوقار بنانا نہیں چاہتے۔

ایک عدالتی انکوائری کے بعد بھارتی سپریم کورٹ نے سن 2012 میں انہیں الزامات سے بری کردیا تھاتصویر: Money Sharma/AFP/Getty Images

بی بی سی کا جواب

بھارتی وزارت خارجہ کے ردعمل پر بی بی سی نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ اس نے اس دستاویزی فلم کو بڑی تحقیق کے بعد مرتب کیا ہے اور اس میں نریندر مودی کی حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لوگوں سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا نکتہ نظر اور ان کی آرا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

بی بی سی کے ایک ترجمان کا کہنا تھا، "ہم نے بھارتی حکومت کو دستاویزی سریز میں اٹھائے گئے معاملات سے متعلق جواب دینے کے حق کی پیش کش کی تھی، لیکن انہوں نے جواب دینے سے انکار کردیا تھا۔"

دستاویزی فلم میں کیا ہے؟

منگل کے روز جاری کی گئی اس دستاویزی فلم میں برطانیہ کی جانب سے کرائی گئی ایک انکوائری کی رپورٹ شامل ہے، جس کے مطابق "تشدد کی ایک ایسی منظم مہم چلائی گئی جس میں نسلی تطہیرکی تمام مثالیں موجود تھیں۔" اور رپورٹ میں اس کے لیے مودی کو براہ راست مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے۔

گجرات فسادات، مودی کو ذمہ دار قرار دینے والا افسر فارغ

دستاویزی فلم میں انکشاف کیے جانے سے قبل تک برطانوی حکومت نے مذکورہ رپورٹ کو کبھی بھی عام نہیں کیا۔

دستاویزی فلم کے مطابق انکوائری ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ مودی نے پولیس کو واضح طور پر حکم دیا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف تشدد کو روکنے کی کوشش نہ کریں۔

گجرات فسادات: مودی کی قریبی ساتھی کو بری کر دیا گیا

اس دستاویزی فلم میں ایک سابق برطانوی سفارت کار کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ تشدد کا منصوبہ آرایس ایس کی ذیلی ایک تنظیم شدت پسند ہندو تنظیم وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے تیار کیا تھا۔ مودی بچپن میں ہی آر ایس ایس سے وابستہ ہوگئے تھے۔

انکوائری ٹیم کے مطابق مذکورہ سفارت کار کا کہنا تھا کہ "ریاستی حکومت کی جانب سے آنکھ موند کر چھوٹ دیے بغیر وی ایچ پی کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانا ممکن نہیں تھا۔"

بعض ناقدین کا خیال ہے کہ بی جے پی کے مرکز میں اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف لنچنگ اور تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہےتصویر: Getty Images/AFP/S. Hussain

'الزامات انتہائی سنگین ہیں'

فلم میں اس وقت کے برطانوی وزیر خارجہ جیک اسٹرا کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، "یہ انتہائی سنگین الزامات ہیں کہ وزیر اعلیٰ مودی نے پولیس کو کارروائی کرنے سے روکنے اور ہندو انتہا پسندوں کی حوصلہ افزائی کرنے میں کافی اہم رول ادا کیا۔"

بھارت میں گجرات فسادات کی بیسویں برسی، برطانوی پارلیمان میں بحث

رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ فسادات کے دوران مسلم خواتین کے ساتھ بڑے پیمانے پر ریپ کیا گیا۔ اور فساد کا ایک مقصد "ہندو علاقوں سے مسلمانوں کا مکمل صفایا" کردینا تھا۔

بلقیس بانو کیس: مجرموں کی رہائی پر حکومت سے وضاحت طلب

بی جے پی کے بعض ناقدین کا خیال ہے کہ ہندوقوم پرست جماعت کے مرکز میں اقتدار میں آنے کے بعد سے یہ اس کی سرکاری پالیسی بن گئی ہے۔ سن 2014 میں مودی کے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد سے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف لنچنگ اور تشددکے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

گجرات فسادات: بلقیس بانو گینگ ریپ کے تمام سزا یافتہ مجرم رہا

گجرات فسادات میں ریپ اور قتل کے مجرمان کے خلاف اپیل خارج

دوسری طرف ہندو شدت پسند گروپوں نے بھارت کو ایک ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کی اپنی مہم بھی تیز کردی ہے۔

بی بی سی کی دستاویزی فلم میں کہا گیا ہے کہ جب تک وزیر اعظم مودی اقتدار میں رہتے ہیں،"باہمی ہم آہنگی اور مفاہمت ممکن نہیں۔"

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں