نقاب اور برقعے پر پابندی عائد کی جائے، ہندو قوم پرست گروہ
1 مئی 2019
وزير اعظم نريندر مودی کے حمايتی ايک ہندو قوم پرست گروہ نے بھارت ميں مسلم خواتین کے چہرہ ڈھانپنے يا نقاب کرنے پر پابندی کا مطالبہ کيا ہے۔ سری لنکا نے دہشت گردانہ حملوں کے بعد حال ہی ميں نقاب پر ملک گير پابندی عائد کی ہے۔
اشتہار
ممبئی کی شيو سينا پارٹی نے مقامی سامانا نامی اخبار ميں بدھ کو چھپنے والے اپنے ايک اداريے ميں لکھا ہے، ’’ہم سری لنکا کے فيصلے کا خير مقدم کرتے ہيں اور وزير اعظم نريندر مودی سے مطالبہ کرتے ہيں کہ سری لنکا کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے بھارت ميں بھی نقاب اور برقعے پر پابندی عائد کی جائے۔‘‘
سری لنکا ميں چند روز قبل مسيحی تہوار ايسٹر کے موقع پر متعدد گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر ہونے والے حملے ميں ڈھائی سو کے قريب افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ انہی حملوں کے تناظر ميں کولمبو حکومت کی جانب سے پير انتيس اپريل کو نقاب و برقعے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ برقعہ ايسے لمبے لباس کو کہتے ہيں، جو مسلم معاشروں ميں چند عورتيں باہر نکلتے وقت پہنا کرتی ہيں جب کہ نقاب سے آنکھوں کے علاوہ پورا چہرہ ڈھانپ ليا جاتا ہے۔
شيو سينا پارٹی نےموقف اختيار کيا ہے کہ برقعے کا اسلام يا بھارتی مسلمانوں سے کوئی تعلق نہيں۔ جماعت کے مطابق بھارت ميں مسلم عورتين صرف عرب ثقافت کی پيروی کرتے ہوئے اسے پہنتی ہيں۔ بھارتی ہوم منسٹری نے اس معاملے پر فی الحال کوئی رد عمل ظاہر نہيں کيا ہے۔
بھارت ميں چند مسلم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ برقعے پر پابندی ان کے شہری حقوق کی خلاف ورزی کے مساوی ہو گی۔ ان کے بقول يہ مطالبہ اس وقت عام انتخابات کے موقع پر کوئی نيا ہندو مسلم تنازعہ کھڑا کرنے کے مقصد سے کيا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کی مجموعی طور پر 1.3 بلين کی آبادی ميں چودہ فيصد مسلمان ہيں۔
چند آزاد خيال مسلمان عورتيں برقعے اور نقاب کو عورتوں کے خلاف مظالم و زور زبردستی کی علامت کے طور پر ديکھتی ہيں۔ بنگلہ ديشی مصنفہ تسليمہ نسرين کا کہنا ہے کہ وہ برقعے پر پابندی کے حق ميں ہيں لیکن اس ليے نہيں کہ اس سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو سکے گا بلکہ اس ليے کہ اس سے عورتيں بے شناخت و گمنام نہيں ہوں گی۔ نسرين کو جنگجو نظريات کے حامل مسلمانوں پر تنقيد کرنے کی وجہ سے اپنے ملک ميں مشکلات کا سامنا تھا اور اسی ليے وہ بھارت ميں مقيم ہيں۔
شیو سینا کی انتہا پسندی کا نشانہ بننے والے پاکستانی
ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا نہ صرف بھارتی مسلمانوں کو گائے کا گوشت کھانے کے حوالے سے تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے بلکہ وہ اپنا غصہ پاکستانی فن کاروں اور کھلاڑیوں پر بھی نکال رہی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Solanki
غلام علی کا کنسرٹ
معروف غزل گائک غلام علی کو اکتوبر کے پہلے ہفتے میں بھارتی گلوکار جگجیت سنگھ کی چوتھی برسی کے موقع پر ممبئی میں ایک محفل موسیقی میں شرکت کرنا تھی۔ شیو سینا کے کارکنوں نے کنسرٹ کے منتظمین کو دھمکی دی کہ یہ پروگرام نہیں ہونا چاہیے۔ مجبوراً منتظمین کو یہ کنسرٹ منسوخ کرنا پڑا۔
تصویر: picture-alliance/AP Images/G. Singh
خورشید قصوری کی کتاب کا اجراء
سابق پاکستانی وزیر خارجہ خورشید قصوری کی کتاب کی رونمائی بھی شیو سینا کے غصے کا نشانہ بنی، تاہم اسے منسوخ نہیں کیا گیا۔ بھارت کی اس دائیں بازو کی ہندو قوم پسند تنظیم، جو کہ ریاست مہارشٹر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حلیف بھی ہے، نے کتاب کے ناشر کے چہرے پر سیاہی پھینک کر یہ بتانے کی کوشش کی کہ بھارت میں پاکستانیوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Solanki
ڈار پر وار
بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے شیو سینا کے حالیہ مظاہرے کے بعد اعلان کیا کہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کرکٹ سیریز میں امپائرنگ کرنے والے پاکستانی امپائر علیم ڈار سیریز میں مزید امپائرنگ نہیں کریں گے۔ علیم ڈار نے سیریز کے پہلے تین میچوں میں امپائرنگ کی تھی جب کہ پروگرام کے مطابق انہیں بقیہ دونوں میچوں میں بھی امپائرنگ کرنا تھی۔
تصویر: Getty Images/AFP/S. Khan
بھارتیوں کے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم
کٹر نظریات کی حامل ہندو قوم پرست سیاسی جماعت شیو سینا کی طرف سے دھمکیوں اور ممبئی میں واقع بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر دفتر پر دھاوا بول دینے کے بعد بھارت میں پاکستانیوں کے لیے سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ وسیم اکرم کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین پوری سیریز کے لیے کمنٹری کے فرائض انجام دینا تھے، تاہم وہ اب پاکستان واپس لوٹ جائیں گے۔
تصویر: AP
شعیب اختر بھی
وسیم اکرم کے ساتھ شعیب اختر کو بھی سیریز کے لیے ممبئی میں کمنٹری کرنا تھی۔ راولپنڈی ایکسپریس کہلائے جانے والے اس سابق پاکستانی فاسٹ بولر کا بھی اب ممبئی میں ٹھہرنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔
تصویر: AP
کرکٹ ڈپلومیسی انتہا پسندی کا شکار
پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز نے گزشتہ برس ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت دونوں ممالک کو اگلے آٹھ برسوں میں چھ سیریز کھیلنا ہیں۔ تاہم جب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر اور آئی سی سی کے صدر شری نواسن سے ملاقات کے لیے بھارت گئے تو شیو سینا کے کارکنوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر حملہ کر دیا۔
تصویر: Arif Ali/AFP/Getty Images
ماہرہ خان اور فواد خان جیسے فنکار بھی
پاکستانی اداکار فواد خان (تصویر میں ان کے ساتھ بھارتی اداکارہ سونم کپور کھڑی ہیں) گزشتہ برس فلم ’خوب صورت‘ کے ذریعے بالی وڈ میں جلوہ گر ہوئے تھے۔ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان فلم ’رئیس‘ میں معروف بھارتی اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ جلوہ افروز ہو رہی ہیں۔ یہ فلم اگلے برس عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔ شیو سینا نے دھمکی دی ہے کہ وہ مہاراشٹر میں ماہرہ اور فواد کی فلموں کو ریلیز نہیں ہونے دے گی۔