1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتیورپ

نقد ادائیگیاں، جرمن شہری دیگر یورپی باشندوں سے آگے

8 دسمبر 2024

جرمنی میں عام شہری اب بھی نقد رقوم کے ذریعے ادائیگیاں کرنے میں یورپ کے دیگر ممالک کے بیشتر صارفین کی نسبت زیادہ فعال ہیں۔

جرمنی میں ایک خاتون صارف اپنے پرس سے یورو نوٹ نکالتے ہوئے
گزشتہ برس ناروے کے شہریوں نے سب سے زیادہ فی کس سالانہ آن لائن ادائیگیاں کیںتصویر: K. Schmitt/Fotostand/IMAGO

بوسٹن کنسلٹنگ گروپ (بی سی جی) کی گلوبل پےمنٹ رپورٹ کے مطابق، جرمنی میں رہنے والے افراد نے 2023 میں اوسطاً فی کس 304 الیکٹرانک ادائیگیاں کیں۔ یہ اعداد و شمار مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں کے فراہم کردہ ڈیٹا پر مبنی ہیں

ناروے کے شہریوں نے سب سے زیادہ آن لائن ادائیگیاں کیں، جہاں فی کس اوسط سالانہ تعداد 815 ادائیگیاں ریکارڈ کی گئی۔ ناروے کے بعد لکسمبرگ کا نمبر آتا ہے، جہاں ہر شہری نے سال بھر میں اوسطاً 753 الیکٹرانک ادائیگیاں کیں۔ آئرلینڈ میں یہ تعداد 705 رہی، جبکہ ڈنمارک میں عام شہریوں نے گزشتہ برس فی کس 675 الیکٹرانک ادائیگیاں کیں۔

کرایہ پندرہ یورو مگر لیے پندرہ سو، ٹیکسی ڈرائیور گرفتار

اس کے برعکس کچھ یورپی ممالک میں الیکٹرانک ادائیگیوں کی تعداد جرمنی سے بھی کم رہی۔ مثال کے طور پر، آسٹریا میں ہر شہری نے اوسطاً ایسی 300 ادائیگیاں کیں، اسپین میں یہ تعداد 288 رہی جبکہ مالٹا میں 243، اور اٹلی میں سالانہ بنیادوں پر فی کس صرف 194 الیکٹرانک ادائیگیاں ریکارڈ کی گئیں۔

کچھ یورپی ممالک میں الیکٹرانک ادائیگیوں کی تعداد جرمنی سے بھی کم رہیتصویر: Andrey Popov/Depositphotos/IMAGO

اس رپورٹ کے مطابق جرمنی میں بھی اب نقد ادائیگیوں کا رجحان تیزی سے کم ہو رہا ہے۔ 2008 میں جرمنی کے مرکزی بینک، بنڈس بینک کی طرف سے کرائے گئے سالانہ سروے کے مطابق، تب ملک میں 83 فیصد ادائیگیاں نقدی کی صورت میں کی جاتی تھیں۔

لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ تناسب مسلسل کم ہوتا گیا اور اب جرمن معاشرے میں ڈیجیٹل پےمنٹس کا تناسب مسلسل زیادہ ہوتا جا رہا ہے۔

مقصد بہتر ملکی میعشت: 50 ملین شہریوں کے لیے 12.5 بلین ڈالر تحفے میں

یہ تبدیلی ظاہر کرتی ہے کہ جرمن معاشرہ بھی تیزی سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب بڑھ رہا ہے، جہاں اب موبائل ایپس، کریڈٹ کارڈز، اور آن لائن ٹرانزیکشنز کا رجحان زیادہ ہوتا جا رہا ہے۔

ڈیجیٹل ادائیگی کے رجحان کی وجہ سے کریڈٹ کارڈ کمپنیوں اور بینکوں کو منافع میں کمی کا سامنا ہو سکتا ہےتصویر: Michael Weber/IMAGEPOWER/IMAGO

بوسٹن کنسلٹنگ گروپ کے مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں الیکٹرانک اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رجحان آنے والے سالوں میں مزید تیزی سے بڑھے گا۔ تاہم اس بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ کریڈٹ کارڈ کمپنیوں اور بینکوں کو اپنے کاروباری منافع میں کمی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

بی سی جی کا ماننا ہے کہ مستقبل میں بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے باعث مالیاتی اداروں کو اپنے کاروباری طریقوں میں تبدیلیاں بھی کرنا پڑیں گی تاکہ وہ اس نئے آن لائن رجحان کے ساتھ ہم آہنگ رہ سکیں اور ساتھ ہی اپنے کاروباری منافع کو بھی برقرار رکھ سکیں۔

 ش خ ⁄ ج ا (اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں