1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف کا بھارتی وزیر اعظم مودی کے نام پیغام

11 جون 2024

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم مودی کو اپنے تہنیتی پیغام میں نفرت کو امید میں بدلنے پر زور دیا ہے۔ شہباز شریف نے بھی مودی کو تیسری مدت کے لیے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔

نواز شریف   نریندر مودی
نواز شریف نے نریندر مودی کو مبارک باد دیتے ہوئے ایکس پر لکھا، ہمیں نفرت کو امید سے بدلنا چاہیےتصویر: picture-alliance/dpa/Handout

ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نریندر مودی نے اتوار کے روز وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا اور پیر کو باقاعدہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد 72 رکنی کابینہ کے ارکان میں وزارتیں تقسیم کیں۔ وزیر داخلہ، وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ جیسے اہم عہدوں پر سابق وزراء بالترتیب امیت شاہ، ایس جے شنکر، راج ناتھ سنگھ اور نرملا سیتا رمن کو برقرار رکھا گیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم مودی کو عالمی رہنماؤں کی مبارک باد

مودی کی شہباز شریف کو مبارک باد اور امن و استحکام کی تمنّا

اس دوران پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے نریندر مودی کو مبارک باد دی۔

شہباز شریف نے لکھا، ''میں نریندرمودی کو وزیراعظم کا حلف اٹھانے پر مبارک باد دیتا ہوں۔‘‘

بھارتی وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ کرکے اپنے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لکھا، ''آپ کی جانب سے نیک خواہشات کے لیے آپ کا شکریہ۔‘‘

خیال رہے کہ پاکستانی وزیر اعظم ان سربراہوں میں شامل نہیں تھے جو وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں موجود تھے۔ اتوار کے روز حلف برداری کی تقریب میں بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا، مالدیپ، بھوٹان اور سیشلز کے رہنما موجود تھے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ''پڑوسی پہلے‘‘ کی پالیسی کے تحت نئی دہلی نے ساتوں پڑوسی ملکوں کے سربراہان کو دعوت دی تھی۔

نریندر مودی نے لاہور میں نواز شریف کی نواسی اور موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی کی شادی میں شرکت کی تھیتصویر: picture-alliance/dpa/Press Information Bureau

نواز شریف نے اپنے پیغام میں کیا لکھا؟

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کے بڑے بھائی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم کو ''مودی جی‘‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے جنوبی ایشیا کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر زور دیا ہے۔

پاک بھارت وزرائے اعظم کا امن عمل آگے بڑھانے پر اتفاق

پاکستان ’مودی کے بھارت‘ کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے پُرامید

نواز شریف نے نریندر مودی کو مبارک باد دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ''ہمیں نفرت کو امید سے بدلنا چاہیے اور جنوبی ایشیا کے دو ارب عوام کے مستقبل کو بنانے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔‘‘

انہوں نے مزید لکھا، ''حالیہ انتخابات میں آپ کی (نریندر مودی) جماعت کی کامیابی سے آپ کی قیادت پر لوگوں کا اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔‘‘

حالیہ عام انتخابات میں غیرمتوقع نتائج اور توقعات سے کم نشستیں حاصل کرنے کے باوجود نریندر مودی لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعظم کے عہدے پرفائز ہوئے ہیں۔

نریندر مودی نے کہا کہ بھارت کے عوام ہمیشہ امن، سلامتی اور ترقی پسند خیالات کے حامی رہے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/Press Information Bureau

وزیر اعظم مودی کا جواب

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نواز شریف کے پیغام کا جواب دیتے ہوئے کہا، ''آپ (نواز شریف) کے پیغام کی قدر کرتے ہیں۔‘‘

انہوں نے ایکس پر نواز شریف کو جواب دیتے ہوئے مزید لکھا، ''بھارت کے عوام ہمیشہ امن، سلامتی اور ترقی پسند خیالات کے حامی رہے ہیں۔ اپنے عوام کی فلاح و بہبود اور سلامتی کو آگے بڑھانا ہمیشہ ہماری ترجیح رہے گی۔‘‘

خیال رہے کہ نواز شریف نے 2014ء میں نریندر مودی کی پہلی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی جبکہ نریندر مودی نے بھی عہدہ سنبھالنے کے ایک سال بعد پاکستان کا مختصر دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے لاہور میں نواز شریف کی نواسی اور موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی کی شادی میں شرکت بھی کی تھی۔

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں