نومبر میں ایکشن میں نظر آؤں گا: ڈیوڈ بیکہم
27 اپریل 2010امریکی کلب لاس اینجلیز گیلکسی کے مڈفیلڈر بیکہم مارچ میں اے سی میلان کے خلاف ایک میچ میں کھیلتے ہوئے اپنی ایڑی زخمی کروا بیٹھے تھے، جس کی وجہ سے وہ امسالہ عالمی کپ فٹ بال سے بھی باہر ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس انجری سے جلد ہی ریکور کر لیں گے، تاہم منگل کو جاری کردہ ان کے بیان کے مطابق یہ واضح ہو گیا ہے کہ وہ اب اس سیزن میں دوبارہ ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔ امریکہ میں MLS کہلانے والا امسالہ فٹ بال سیزن 21 نومبر کو ختم ہو جائے گا۔
چونتیس سالہ بیکہم نے کہا: ’’یہ زخم ٹھیک ہونے میں کچھ وقت لے گا۔‘‘ MLS کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے اپنے بیان میں بیکہم نے مزید کہا: ’’میری سرجری ہوئے چھ ہفتے ہو گئے ہیں اور میں نے دس روز قبل تھیراپی بھی کرانا شروع کر دی تھی۔ اب میری روزانہ تھیراپی ہو رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی انجری کے بعد انتہائی محتاط رہنا پڑتا ہے۔
مارچ میں بیکہم زخمی ہونے کے بعد چھ مہینوں کے لئے مکمل آرام پر چلے گئے تھے تاہم اب انہیں آرام اور تھیراپی کے لئے مزید وقت دے دیا گیا ہے۔
ڈیوڈ بیکہم نے ایک نشریاتی ادارے کو دئے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ ابھی بھاگ نہیں سکتے اور اس کے لئے وہ مزید تین ماہ تک اپنی چوٹ ٹھیک ہونے کا انتظار کریں گے۔
زخمی ہونے کے باوجود وہ عالمی کپ فٹ بال کے میچ دیکھنے کے لئے جنوبی افریقہ جائیں گے۔ اس مرتبہ عالمی کپ جنوبی افریقہ میں گیارہ جون سے شروع ہو گا۔
اب جس میچ میں وہ دوبارہ بالکل فٹ ہوں گے، وہ شاید اگلے برس 29 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ یورپی چیمپیئنز لیگ 2012ء کے کوالیفائنگ میچوں کا یہ اس سال کا پہلا مقابلہ ہو گا۔
ڈیوڈ بیکہم پیر کو جب ایک نشریاتی ادارے کو انٹرویو دینے کے لئے اسٹوڈیوز گئے تو وہ بیساکھیوں کا سہارا لئے ہوئے تھے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابقہ کھلاڑی بیکہم نے 115 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔ وہ پہلے آؤٹ فیلڈر کھلاڑی ہیں جنہوں نےانگلینڈ کے لئے سب سے زیادہ میچ کھیلے ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی پیٹرشیلٹن ہیں، لیکن وہ بحیثیت گول کیپر انگلش ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے سن 1970ء سے 1990ء تک انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 125 میچ کھیلے تھے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک