’ نو کمنٹس ‘ جرمن فٹ بال ٹیم کی تاریخی کارکردگی
9 جولائی 2014
فٹ بال عالمی کپ میں آج تک کوئی بھی ٹیم سیمی فائنل مقابلے میں سات گول نہیں کر سکی۔ جرمنی کی جانب سے گول کرنے کا سلسلہ گیارہویں منٹ میں شروع ہوا اور پہلی مرتبہ تھوماس ملر نے گیند گول میں پھینکی۔ میچ کے بعد ملر کا کہنا تھا انہیں یہ توقع نہیں تھی کہ میچ کا نتیجہ یہ نکلے گا۔ ’’ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ میچ ایک دوسرے سے کتنے مختلف ہو سکتے ہیں۔ جرمنی نے برازیل کی ٹیم کے دفاع میں پیدا ہونے والے گیپس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اور پھر ایک وقت ایسا آتا ہے، جب مخالف ہتھیار ڈال دیتا ہے۔ ہم بہرحال ایک اچھی ٹیم ہیں‘‘۔
تھوماس ملر کے بقول ابھی منزل حاصل نہیں کی ہے اور عالمی چیمپئن بننے کے لیے ایک اور مرتبہ اپنی پوری صلاحیت کو استعمال کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر جذبات پر قابو رکھنا بہت ضروری ہے۔ اس اہم میچ کا فیصلہ کھیل کے پہلے تیس منٹوں میں ہو گیا تھا۔ گیارہویں کے بعد 23 ویں،24ویں، 26ویں اور 29 ویں منٹ میں گول ہوئے۔ جرمن ٹیم کے اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے نے فٹ بال ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنا سولہواں گول کر کے ایک نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔ کلوزے کے بقول ’’ ہم نے میچ کا اچھا آغاز کیا۔ کھلاڑیوں کے مابین ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ہم ایک اکائی ہیں۔ ہم اپنی مخالف ٹیم کا تجزیہ کرتے ہیں۔ یہ اچھی بات ہے کہ ہمارے کھیل کا معیار بہتر ہو رہا ہے‘‘۔
اس سے قبل برازیل کے خلاف کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ پولینڈ کے پاس تھا۔ پولش ٹیم نے 1938ء میں پانچ مرتبہ کے عالمی چیمپئن کے خلاف پانچ گول کیے تھے۔ اس کا مطلب یہ ہے برازیل کی فٹ بال تاریخ میں گولوں کے اعتبار سے ابھی تک کی یہ سب سے بڑی شکست ہے۔ جرمن ٹیم کے کوچ یوآخم لوو کا اس بارے میں کہنا تھا تمام کھلاڑیوں نے پوری توجہ سے میچ کھیلا۔ ’’یہ ضروری تھا کہ اس میچ میں جرات کے ساتھ اپنی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے، فٹ کے حوالے سے برازیل کے جوش و جذبے کا سکون اور احتیاط سے مقابلہ کیا جائے۔ وہ حیرت زدہ ہو گئے تھے، جس کے بعد ہمارے لیے میچ آسان ہو گیا تھا‘‘۔
لوو کے بقول تمام تر توجہ اتوار کو ہونے والے فائنل پر ہے۔ جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن کے سربراہ وولفگانگ نیئرسباخ کے بقول یہ جرمن فٹ بال کی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے اور اسے عالمی سطح پر بھی یاد رکھا جائے گا۔ یہ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ تھا، جسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔