1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نيوزی لينڈ اور آسٹريليا کی ٹيموں کا پاکستان آنے کا امکان

2 مئی 2018

پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر نيوزی لينڈ کرکٹ ٹيم کی انتظاميہ پندرہ برس بعد پاکستان کا دورہ کرنے پر غور کر رہی ہے۔ نيوزی لينڈ کی ٹيم نے آخری مرتبہ 2003ء ميں پاکستان کا دورہ کيا تھا۔

Pakistan Cricket Super League Finale Quetta Galdiators - Peshawar Zalmi
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

نيوزی لينڈ کرکٹ (NZC) کے ترجمان نے ويلگنٹن سے دو مئی کو جاری کردہ اپنے بيان ميں تصديق کی ہے کہ اسے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے چيئرمين کی جانب سے درخواست موصول ہوئی کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں۔ ترجمان نے کہا، ’’فی الحال حکومت، سلامتی سے متعلق ماہرين اور کھلاڑی اس درخواست پر غور کر رہے ہيں۔‘‘ بتايا گيا ہے کہ متعلقہ اداروں اور افراد سے مشاورت کے بعد پی سی بی کو فيصلے سے آگاہ کر ديا جائے گا۔

نيوزی لينڈ کی کرکٹ ٹيم نے آخری مرتبہ سن 2003 ميں پاکستان کا دورہ کيا تھا۔ سکيورٹی خدشات کے سبب اس کے بعد يہ ٹيم پاکستان نہيں آئی۔ پاکستان کے شہر لاہور ميں سن 2009 ميں سری لنکا کی کرکٹ ٹيم پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے ميں پاکستان ميں بين الاقوامی کرکٹ تقريباً بالکل ہی ختم ہو گئی تھی۔ اس حملے ميں آٹھ پاکستانی شہری ہلاک جبکہ چھ کھلاڑی اور ايک برطانوی کوچ زخمی ہو گئے تھے۔ سری لنکا کی ٹيم پچھلے سال اکتوبر ميں ايک ٹی ٹوئنٹی ميچ کے ليے پاکستان آئی اور پھر ويسٹ انڈيز نے بھی پاکستان کا دورہ کيا۔

پاکستان میں کرکٹ کی بحالی ہو گی، سرفراز احمد

01:31

This browser does not support the video element.

نيوزی لينڈ کی ٹيم نے پاکستان ميں آخری ٹيسٹ سن 2002 ميں کھيلا تھا۔ اس وقت کراچی ميں ٹيم کے ہوٹل کے باہر ہونے والے دھماکے کے بعد کيوی ٹيم پاکستان سے فوری طور پر چلی گئی تھی۔ پھر کيوی ٹيم نے ايک روزہ ميچز کی سيريز کے ليے آئندہ برس يعنی سن 2003 ميں پاکستان کا دورہ کيا، جو ان کا آخری دورہ تھا۔

تازہ پيش رفت ميں نيوزی لينڈ کرکٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ اسی سال ٹيم ٹی ٹوئنٹی ميچز کے ليے پاکستان کا دورہ کرے۔ انٹرنيشنل کرکٹ کونسل کے شيڈول کے مطابق پاکستان اور نيوزی لينڈ کے مابين ٹيسٹ اور ايک روزہ ميچز کی سيريز اس سال نومبر ميں متحدہ عرب امارات ميں کھيلی جانی ہے۔

پی سی بی کے ايک ذرائع کے مطابق آسٹريليا کی ٹيم کو بھی پاکستان کا دورہ کرنے کی درخواست بھيجی گئی ہے۔ آسٹريليا نے بھی اسی سال ستمبر، اکتوبر ميں متحدہ عرب امارات ميں پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹيسٹ سيريز کھيلنی ہے۔ آسٹريلوی کرکٹ بورڈ نے درخواست کے حوالے سے تازہ پيش رفت پر رد عمل ظاہر کرنے سے فی الحال انکار کيا ہے تاہم يہ واضح کر ديا ہے کہ طے شدہ سيريز متحدہ عرب امارات ميں ہی کھيلی جائیں گی۔

ع س / ا ا، نيوز ايجنسياں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں