1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نيپال: کيا مظاہرين کی اموات تبديلی لا سکتی ہيں؟

13 ستمبر 2025

نيپال ميں اس ہفتے پر تشدد مظاہروں ميں ہلاک ہونے والوں کی آخری رسومات ادا کی جا رہی ہيں۔ اسی دوران 73 سالہ سابق چیف جسٹس سشلا کرکی نے عبوری وزیرِاعظم کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔

Nepal Kathmandu 2025 | Sushila Karki begrüßt Präsident Ram Chandra Poudel nach Vereidigung
تصویر: Sujan Gurung/AP Photo/picture alliance

نيپال ميں بدعنوانی کے خلاف مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والوں کے لواحقين نے اميد ظاہر کی ہے کہ ان کے عزيزوں کی قربانياں ضائع نہيں جائيں گی۔ تيس سالہ سنتوش بشواکرما بد امنی ميں ہلاک ہونے والوں ميں سے ايک تھے۔ ان کی اہليہ تيس سالہ اميکا کے بقول سنتوش کا خواب تھا کہ وہ اپنے ملک و قوم کے ليے کچھ کر سکيں۔ ''ان کی خواہش تھی کہ وہ نيپال کو دنيا بھر ميں مقبول بنا سکيں۔‘‘

امیکا اب اپنے 10 سالہ بیٹے اجول اور سات سالہ بیٹی سونیا کی اکیلے پرورش کرتی ہیں۔ وہ مستقبل کے حوالے سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا، "میرے شوہر نے ان کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے سب کچھ کیا، یہاں تک کہ اپنی جان بھی دے دی۔ لیکن میں اپنے طور پر سب کچھ کیسے سنبھالوں؟ سنتوش نے ملک کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔ مجھے امید ہے کہ نئی حکومت میری مدد کرے گی۔"

تصویر: Diwakar Rai/DW

بد امنی کا پس منظر

نيپال ميں سماجی رابطوں کی ويب سائٹس پر عارضی پابندی کے نتيجے ميں اس ہفتے کے آغاز پر لاکھوں کی تعداد ميں نوجوانوں نے احتجاجاً مظاہرے کيے۔ گو کہ يہ مظاہرے سوشل ميڈيا پر پابندی کے سبب شروع ہوئے ليکن عوام اقتصادی بدحالی اور بدعنوانی سے تنگ ہيں۔ احتجاج نے پر تشدد رنگ اختيار کيا اور مجموعی طور پر اکاون افراد ہلاک ہو گئے۔ بدھ کو پرتشدد احتجاج کے دوران پارلیمان کی عمارت کو نذرِ آتش کر دیا گیا تھا اور حکومت گر گئی تھی۔ 2008ء میں نیپال میں طویل خانہ جنگی اور بادشاہت کے خاتمے کے بعد یہ سب سے خون ریز بدامنی تھی۔

ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ نیپال کی 82 فیصد افرادی قوت غیر رسمی ملازمتوں پر ہے، يہ دنیا میں سب سے زیادہ شرحوں میں سے ہے۔ ملک کا جی ڈی پی فی کس صرف 1,447 ڈالر ہے۔

تصویر: Arun Sankar/AFP

عبوری وزير اعظم کی تعيناتی اور اليکشن کا اعلان

دريں اثناء مظاہرين کی خواہشات کے مطابق عبوری وزير اعظم کی تعيناتی بھی عمل ميں آ چکی ہے۔ 73 سالہ سابق چیف جسٹس سشلا کرکی کو جمعے کی شام عبوری وزیرِاعظم مقرر کیا گیا، جنہیں نظم و نسق بحال کرنے اور کرپشن ختم کرنے کے مطالبات پورے کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ملکی پارلیمان کو تحلیل کر دیا گیا ہے۔ نیپال میں عام انتخابات پانچ مارچ کو منعقد کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

لواحقين کا اظہار افسوس

جمعے کو کھٹمنڈو کے پشوپتی ناتھ مندر میں سينکڑوں افراد اجتماعی آخری رسومات کے لیے جمع ہوئے۔ جھڑپوں میں گولی لگنے والے نوجوانوں کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی لاشوں پر روتے رہے۔

عاصم سليم اے ايف پی کے ساتھ

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں