1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نگرانی کے خفیہ پروگرام سے پردہ اٹھانے والے کا انکشاف

10 جون 2013

سی آئی اے کے ایک سابق ملازم نے انکشاف کیا ہے کہ نگرانی کے خفیہ امریکی پروگراموں کو اس نے عام کیا، جن کے بارے میں معلومات ایک برطانوی اخبارات نے شائع کیں۔

تصویر: Reuters/Ewen MacAskill/The Guardian/Handout

29 سالہ ایڈورڈ اسنوڈین نے اتوار کو تسلیم کیا ہے کہ امریکی قومی سلامتی کے ادارے (نیشنل سکیورٹی ایجنسی) کی جانب سے فون اور انٹرنیٹ ریکارڈ کی نگرانی سے متعلق معلومات برطانوی اخبار گارڈین کو اس نے دی تھیں۔

اسنوڈین نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کے لیے کام کرتا ہے۔ اس نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنی شناخت ظاہر کی ہے جو گارڈین کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہے۔ اس اخبار کا کہنا ہے کہ ویڈیو اسنوڈین کی درخواست پر جاری کی گئی ہے۔

اسنوڈین کا کہنا ہے: ’’میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں کہ خود کو چھپاؤں کیونکہ میں جانتا ہوں کہ میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔‘‘

اس نے مزید کہا: ’’میرا واحد مقصد عوام کو یہ بتانا ہے کہ ان کے نام پر کیا کیا جا رہا ہے اور ان کے خلاف کیا کیا جا رہا ہے۔‘‘

این ایس اے اور ایف بی آئی کو ایپل سمیت نو بڑی انٹرنیٹ کمپنیوں کے سرورز تک رسائی حاصل ہے، رپورٹتصویر: Philippe Lopez/AFP/Getty Images

اس کا کہنا ہے کہ وہ اپنا سب کچھ کھونے کو تیار ہے ’’کیونکہ میں اپنے ضمیر کی آواز کے مطابق امریکی حکومت کو اس بات کی اجازت نہیں دے سکتا کہ وہ نگرانی کی اس بھاری مشین کو خفیہ طور پر قائم کرتے ہوئے اس سے دنیا بھر میں لوگوں کی پرائیویسی، انٹرنیٹ کی آزادی اور بنیادی آزادیوں کو تباہ کرے۔‘‘

اسنوڈین امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے میں ٹیکنیکل اسسٹنس کے طور پر کام کرتا رہا ہے۔ وہ ہوائی میں این ایس اے کے ایک دفتر میں کام کر رہا تھا جہاں سے اس نے گارڈین کو فراہم کرنے کے لیے دستاویزات کاپی کیں۔

وہ 20 مئی کو امریکا سے فرار ہو گیا تھا اور اس وقت ہانگ کانگ کے ایک ہوٹل میں قیام پذیر ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس نے یہ شہر اس لیے منتخب کیا ہے کیونکہ وہاں آزادئ اظہار اور سیاسی انحراف سے گہری وابستگی پائی جاتی ہے۔

اسنوڈین کی جانب سے فراہم کردہ خفیہ معلومات گزشتہ ہفتے سب سے پہلے گارڈین میں شائع ہوئیں۔ ان کے مطابق این ایس اے لاکھوں افراد کا ٹیلی فون ریکارڈ اور انٹرنیٹ ڈیٹا جمع کر رہی ہے۔ یہ بات بھی سامنے آئی کہ گفتگو کا ریکارڈ نہیں رکھا جاتا۔

گزشتہ جمعرات کو گارڈین اور واشنگٹن پوسٹ نے ایک رپورٹ شائع کی جس کے مطابق این ایس اے اور امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کو گُوگل، یاہو، فیس بُک اور ایپل سمیت نو بڑی انٹرنیٹ کمپنیوں کے سرورز تک رسائی بھی حاصل ہے۔

ng/aba(AFP, Reuters, AP, dpa)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں